سرینگر صورہ میں منگل شام دیر گئے ممکنہ طور پر ایک غیر مقامی شخص کی لاش پُر اسرار حالت میں پائی گئی ہے ۔ پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لیکر معاملے کی چھان بین شروع کردی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق صورہ سرینگر میں منگل کی شام کو اُس وقت سراسمگی پھیل گئی جب ممکنہ طور ایک غیر ریاستی شخص کی لاش برآمد کرلی گئی ۔مقامی لوگوں نے لاش کو سڑک کے کنارے پڑا دیکھ فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا جس دوران پولیس کی ٹیم جائے موقع پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ اس طرح سے مشکوک حالت میں لاش ملنے سے علاقے میں سنسنی کا ماحول پھیل گیا ۔ادھر ایک مقامی خبررساں ایجنسی جی این ایس نے پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ابتدائی طور پر مہلوک شخص کی موت غیر قدرتی نظر آرہی ہے تاہم اس معاملے کی چھان بین کی جارہی ہے اور لاش کو پولیس سٹیشن صورہ پہنچایا گیا ہے ۔ فوری طور پر مہلوک شخص کی شناخت نہیں ہوسکی ہے ۔