مطلع صاف،شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ برقرار
سری نگر،گلمرگ،پہلگام،بالہ تل،شوپیان اورکپوارہ سردترین مقامات
مسلسل تیسرے دن موسم خشک وخوشگوار رہنے کے بعددوران شب کشمیروادی،خطہ پیرپنچال،وادی چناب اورلداخ خطے میں درمیانی حرارت میں کمی کاسلسلہ برقراررہا ۔محکمہ موسمیات نے درجہ حرارت میں کمی آنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ 12سے18نومبر تک موسم مجموعی طور پر خشک مگر ابرآلود رہنے کاامکان ہے جبکہ اس دوران 13اور 14نومبر کوجموں وکشمیرمیں کہیں کہیں ہلکی وتیز بارش ہونے کاامکان ہے ۔ سنیچر اور اتوار کو جموں وکشمیر کے کچھ بالائی مقامات پر ہلکی ودرمیانہ درجے کی برف باری اوربیشتر علاقوںمیں بارشیں ہونے کے بعدمنگل سے موسم خشک رہا جبکہ بدھ ،جمعرات اورجمعے کے بعدسنیچر کوبھی دن بھر کشمیر وادی میں اچھی دھوپ بھی نکل آئی ۔تاہم رات کے وقت آسمان مجموعی طور پر صاف رہنے کے باعث شبانہ درجہ حرارت میں کمی واقعہ ہوئی ۔محکمہ موسمیات نے مطلع صاف رہنے نیز حالیہ دنوں کی برف وباراں کے بموجب درجہ حرارت میں بتدریج کمی آنے کی تصدیق کرتے ہوئے سنیچر کی صبح بتایاکہ گزشتہ رات کشمیر وادی کے بیشتر علاقوں میں شبانہ پارہ معمول سے نیچے رہا۔محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے بتایاکہ جمعتہ المبارک اورسنیچرکی درمیانی رات سری نگرمیںکم سے کم درجہ حرارت 1.2ڈگری سینٹی گریڈ ،گلمرگ میں منفی4.0ڈگری سینٹی گریڈ،بالہ تل میں منفی5.8ڈگری سینٹی گریڈ،شوپیان میں منفی0.8ڈگری سینٹی گریڈ،پہلگام میں منفی3.7ڈگری سینٹی گریڈ،کوکرناگ 2.4ڈگری سینٹی گریڈ،قاضی گنڈ میں 2.5ڈگری سینٹی گریڈاورکپوارہ میں رات کاکم سے کم درجہ حرارت منفی1.8ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیاگیاجبکہ اسی طرح خطے لداخ کے لیہہ شہر میں رات کاکم سے کم درجہ حرارت منفی8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ،دراس میں منفی10.7،کارگل میںمنفی6.7،پادم میں منفی10.6،ٹنگ تسی دربک میں منفی11.2،نیومہ میں منفی10.0ڈگری سینٹی گریڈ درج کیاگیا۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ بانہال میں رات کاکم سے کم درجہ حرارت 4.6اوربھدرواہ میں1.6ڈگری سینٹی گریڈ ،ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے اگلے24گھنٹوں کے دوران جموں وکشمیر مطلع مجموعی طور پرصاف اورموسم خشک رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہاکہ آسمان صاف رہنے کی وجہ سے کشمیر وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں مزید کمی واقعہ ہوسکتی ہے ۔انہوںنے بتایاکہ 12سے18نومبر تک موسم مجموعی طور پر خشک مگر ابرآلود رہنے کاامکان ہے جبکہ اس دوران 13اور 14نومبرجموں وکشمیرمیں کہیں کہیں ہلکی وتیز بارش ہوسکتی ہے ۔دریں اثناءسردی کی شدت میں بتدریج اضافہ ہونے کیساتھ ہی کشمیر وادی میں کمروں کوگرم رکھنے والے آلات ،کانگڑیوں اوراسکے لئے درکار کوئلے کی مانگ میں اضافہ ہوگیا جبکہ لوگوںنے سردی سے بچنے کیلئے گرم ملبوسات زیب تن کرنے کی عادی ڈالنا بھی شروع کردی ہے ۔بجلی وگیس پر چلنے والے ہیٹروں ،کانگڑیوں ،لکڑی کے کوئلے اورگرم ملبوسات کاکاروبار کرنے والے کئی لوگوںنے بتایاکہ حالیہ دنوںمیں ان چیزوںکی مانگ میں تیزی دیکھی گئی ہے ۔