افسران کو صحت کے ان باوقار پروجیکٹوں کی تکمیل میں ذاتی دلچسپی لینے کی ہدایت دی
لفٹینٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر نے اننت ناگ ، بارہمولہ ، راجوری ، ڈوڈہ ، کٹھوعہ ، اودھمپور اور ہندواڑہ کے نئے قائم ہونے والے سرکاری میڈیکل کالجوں ( جی ایم سی ) میں جاری تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کا جائیزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں صحت اور طبی تعلیم کے انتظامی سیکرٹری بھوپندر کمار ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے پی سی سی ، چیف انجینئر آر اینڈ بی جموں ، چیف انجینئر جے کے پی سی سی ، ڈائریکٹر کوارڈینیشن نیو جی ایم سی ، تمام میڈیکل کالجوں کے پرنسپلز اور دیگر متعلقہ افسران ذاتی طور اور ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی ۔ میٹنگ کے دوران مشیر نے ان کالجوں کے ساتھ ساتھ ایسوسی ایٹڈ ہسپتالوں میں میں جاری تمام کاموں کا تفصیلی جائیزہ لیا اور مالیاتی پیش رفت اور ان کاموں پر اب تک ہونے والے اخراجات کا بھی جائیزہ لیا ۔ ان صحت کے اداروں کے جاری کاموں اور دیگر متعلقہ امور کا جائیزہ لیتے ہوئے مشیر بٹھناگر کو کالجوں کی عمارت ، ہوسٹلز ، رہائشی کوارٹرز اور طلباءاور فیکلٹی کیلئے دیگر سہولیات کی تعمیر کے سلسلے میں اب تک کی پیش رفت کے بارے میں بتایا گیا ۔ عمل آوری ایجنسیوں کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے مشیر نے ان سے کہا کہ وہ ہر پروجیکٹ کیلئے اپنے افراد اور مشینری کو تیار کریں تا کہ مطلوبہ کام کی رفتار تیز ہو اور وقت پر مکمل ہو سکے ۔ مشیر نے ان ایجنسیوں کے سینئر افسران سے کہا کہ وہ صحت کے ان باوقار پروجیکٹوں کی تکمیل میں ذاتی دلچسپی لیں اور تعمیراتی مقامات کا ذاتی طور پر دورہ کر کے تمام آنے والے مسائل کو حل کریں ۔