’ناسا کا پرسیویرنس روور‘ کی طرف سے مریخ کیلئے مشن کا آغاز
واشنگٹن: ۷۱ مئی (یو این آئی) امریکی خلائی ایجنسی ناسا کا پرسیویرنس روور آج مریخ پر کریٹر کے قریب ڈیلٹا میں اوپر کی جانب چڑھ کر اپنا مشن شروع کرے گا۔ بی بی سی کے مطابق چھ پہیوں والا روور چٹانوں کا معائنہ کرنے کیلئے چڑھائی کے دوران باربار رک کر اس کا جائزہ لے گاجس سے یہ معلوم کرنے میں مدد ملے گی کہ آیا مریخ پر کبھی زندگی موجود تھی یا نہیں۔ نیچے اترتے وقت یہ کچھ چٹانیں اکٹھا کرکے ڈیلٹا کے بیس پر لے کر آئے گا تاکہ بعد کی جانچ کے دوران نمونوں کو حاصل کرنے میں کوئی پریشانی نہ ہو۔ ناسا کے سینئر سائنسدان کیٹی اسٹیک مورگن نے کہا کہ جیزیرو کریٹر ڈیلٹا میں زندگی کے شواہد تلاش کرنا اہم ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان چٹانوں میں ہمیں یہاں زندگی کے شواہد مل سکتے ہیں اور ساتھ ہی ہم مریخ پر موسم اور وقتاً فوقتاً ہونے والی تبدیلیوں کے بارے میں بھی جان سکتے ہیں۔ گزشتہ سال 18 فروری کو ناسا کے پرسیویرنس روور کو مریخ پر 45 کلومیٹر چوڑے جیزیرو کریٹر کے اندر اتارا گیا تھا۔ ناسا نے کہا کہ روور کا بنیادی کام وہاں زندگی کی علامات کا پتہ لگانا اور اپنے ساتھ چٹانوں اور مٹی کے نمونے لانا ہے۔