ماہرین نے اس نیلم کو ’سرینڈیپٹی سفائر‘ کا نام دیا ہے، اس کا مطلب ہوتا ہے ’قسمت سے ملا نیلم‘۔ ڈاکٹر جیمنی جوئسا نے کہا کہ اتنا بڑا نیلم اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھا، یہ شاید 40 کروڑ سال پہلے بنا ہوگا۔دنیا میں اب تک کا سب سے بڑا نیلم (بیش قیمتی پتھر) سری لنکا میں دریافت کیا گیا ہے اور اس کے وزن کے ساتھ ساتھ قیمت کے بارے میں جان کر ہر شخص حیران و ششدر ہے۔ دراصل سری لنکا میں ایک کاروباری کے گھر سے کنوئیں کی کھدائی کے دوران کم و بیش 510 کلو گرام کا بیش قیمتی نیلم دریافت کیا گیا ہے۔ اسے دنیا کا سب سے بڑا نیلم بتایا جا رہا ہے اور ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ بین الاقوامی بازار میں اس نیلم کی قیمت تقریباً 7.5 ارب روپے (10 کروڑ ڈالر) ہوگی۔اس تعلق سے سری لنکا کے افسران کا کہنا ہے کہ واقعہ سری لنکا واقع رتن پورہ علاقے کا ہے جہاں بیش قیمتی زیورات کے ایک تاجر ڈاکٹر گماگے کے گھر کے پیچھے کنوئیں کی کھدائی کا کام چل رہا تھا۔ اسی دوران اچانک ایک بڑا سا نیلم دکھائی پڑا۔ 25 لاکھ کیریٹ کے اس نیلم کا وزن تقریباً 510 کلو گرام ہے۔ ڈاکٹر گماگے کے مطابق ان کے گھر میں کنوئیں کی کھدائی کے دوران مزدوروں کو یہ نیلم ملا جس کی جانکاری انھوں نے فوری طور پر دی۔ بعد میں ڈاکٹر گماگے نے اسے کنوئیں سے باہر نکلوایا۔