ہرنائی/ ہرنائی کے شاہراگ کوئلے کی کانوں کے علاقے میں جمعہ کو ایک گاڑی کے قریب ایک زور دار دھماکے میں کوئلے کے 10 کان کن ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے۔ڈپٹی کمشنر ہرنائی کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کوئلے کی کانوں میں کام کے لیے جا رہے تھے جب دھماکہ ہوا۔زخمیوں کو طبی امداد کے لیے شاہراگ کے رورل ہیلتھ سنٹر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں بھی سنٹر منتقل کر دی گئی ہیں۔دھماکے کی وجہ کا ابھی تک تعین نہیں ہوسکا ہے اور فی الحال واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔اس سے قبل آج بنوں میں سیکیورٹی قافلے کے قریب دھماکے میں دو سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق دھماکا منگل میلہ کے قریب ڈومیل تھانے کے قریب ہوا۔نامعلوم عسکریت پسندوں نے سڑک کے کنارے دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا جو قافلے کے قریب پھٹ گیا۔ واقعہ کے بعد سیکورٹی فورسز اور پولیس نے ان عسکریت پسندوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا۔ایک الگ واقعے میں پنجاب جانے والی مسافر بس میں دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور سات زخمی ہوگئے۔ضلعی حکام کا کہنا ہے کہ خضدار سے راولپنڈی جانے والی بدقسمت بس جب ایم ایٹ ہائی وے پر کھوڑی کے مقام پر پہنچی تو سڑک کنارے کھڑی کار میں زوردار دھماکے سے دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں بس میں سوار ایک شخص جاں بحق جب کہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ خیز مواد سڑک کے کنارے کھڑی آلٹو کار میں نصب کیا گیا تھا۔ حکام نے مزید کہا کہ "بم دھماکے کے ہدف کے بارے میں کہنا قبل از وقت ہو گا۔”