”وہی پرانے ٹروڈو وہی پرانی باتیں پرانی وجوہات کی بنا پر کہہ رہے تھے“
نئی دہلی، 15 اکتوبر (یو این آئی) ہندوستان نے کیناڈا کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ خالصتانی دہشت گرد ہردیپ سنگھ نجار کے قتل کے معاملے میں قابل اعتماد ثبوت ہندوستانی حکومت کے ساتھ شیئر کیے گئے ہیں۔ کیناڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی اوٹاوا میں کل کی گئی پریس کانفرنس کے حوالے سے ذرائع نے یہاں بتایا کہ ‘کل کیناڈا کے وزیر اعظم مسٹر ٹروڈو کی پریس کانفرنس میں ‘وہی پرانے ٹروڈو وہی پرانی باتیں انہی پرانی وجوہات کی بنا پر کہہ رہے تھے ۔’ ذرائع کے مطابق تمام کیناڈائی حکام کا مرکزی دعویٰ یہ ہے کہ نجار کیس میں ہندوستان کو مصدقہ شواہد پیش کیے گئے ہیں۔ اس کا اعادہ ان کے ہائی کمیشن انچارج نے بھی میڈیا سے کیا۔ جبکہ یہ بالکل درست نہیں ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ کیناڈا کا شروع سے ہی رویہ مبہم الزامات لگانے اور تردید کا بوجھ ہندوستان پر ڈالنے کا رہا ہے ۔ پریس کانفرنس میں بعض افراد کے ہندوستان سے روابط کے دعوے کیے گئے ہیں ۔ لیکن دونوں صورتوں میں کوئی خاص تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ لوگوں کو جوابدہ بنانے کی بات بھی ہوئی لیکن یہ کبھی واضح نہیں کیا گیا کہ کون اور کس کے لیے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ بات مضحکہ خیز ہے کہ گزشتہ سال ہائی کمشنر سے گہرا رابطہ کرنے کے بعد اب کیناڈائی حکومت نے انہیں نشانہ بنانے کا انتخاب کیا ہے ۔














