جدہ ( سعودی عرب)/قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے ہفتہ کو کہا کہ ہندوستان روس۔یوکرین تنازعہ کا دیرپا، جامع حل تلاش کرنے کے لئے ایک فعال، آمادہ شراکت دار ہے۔ این ایس اے ڈوبھال ہفتہ کو جدہ پہنچے جہاں وہ قومی سلامتی کے مشیروں اور دیگر عہدیداروں کی ایک چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے پہنچے جو سعودی عرب کی میزبانی میں روس یوکرین تنازعہ پر بات چیت کے لیے منعقد کی جا رہی ہے۔ میٹنگ کے دوران این ایس اے نے کہا کہ ہندوستان نے شروع سے ہی روس اور یوکرین دونوں کے ساتھ باقاعدگی سے رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون میں درج اصولوں پر مبنی عالمی نظام کی حمایت کرتا ہے۔ ذرائع کے مطابق، "تمام ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام کو بلا استثناء برقرار رکھا جانا چاہیے۔ قومی سلامتی کے مشیر کے مطابق، تنازعہ کا منصفانہ اور پائیدار حل تلاش کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل امن کی تمام کوششوں کو آگے بڑھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا اور خاص طور پر گلوبل ساؤتھ اس صورتحال کا خمیازہ بھگت رہی ہے۔ ہندوستان یوکرین کو انسانی امداد اور گلوبل ساؤتھ میں اپنے پڑوسیوں کو اقتصادی مدد فراہم کر رہا ہے۔ روس یوکرین تنازعہ پر ہندوستان کا نقطہ نظر بات چیت اور سفارت کاری کو فروغ دینے کے لیے رہا ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ امن کے لیے آگے بڑھنے کا یہی واحد راستہ ہے۔ اجیت ڈوبھال نے کہا کہ دونوں محاذوں پر بیک وقت کوششیں کی جانی چاہئیں اور اس کو یقینی بنانے کے لیے بہت زیادہ زمینی کام کی ضرورت ہے۔” فی الحال امن کی کئی تجاویز پیش کی گئی ہیں۔ ہر ایک کے کچھ مثبت نکات ہیں لیکن کوئی بھی فریقین کے لیے قابل قبول نہیں ہے۔ اہم سوال جس پر اجلاس میں توجہ دینے کی ضرورت ہے وہ یہ ہے کہ کیا کوئی ایسا حل تلاش کیا جا سکتا ہے جو تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے لیے قابل قبول ہو۔