سیاحت، توانائی، تجارت، اعلیٰ تعلیم، ہنر مندی، ترقی اور عوامی رابطے میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا
نئی دہلی، 21 جولائی (یو این آئی) ہندوستان اور سری لنکا نے آج طویل مدتی اقتصادی شراکت داری کے لیے اہم ویژن دستاویز کو اپنانے کا اعلان کیا، جس کے تحت سمندری اور فضائی رابطے کو مضبوط بنانے کے علاوہ سیاحت، توانائی، تجارت، اعلیٰ تعلیم، ہنر مندی، ترقی اور عوام سے عوام کے رابطے میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔وزیر اعظم نریندر مودی اور سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے کے درمیان یہاں حیدرآباد ہا¶س میں وفود کی سطح پردو طرفہ چوٹی کانفرنس میں یہ فیصلے کیے گئے ۔ دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی لین دین کے لیے یو پی آئی کی منظوری، ہندوستان سے سری لنکا تک پیٹرولیم پائپ لائن بچھانے اور مسافر فیری سروس شروع کرنے سمیت متعدد معاہدوں پر دستخط کیے گئے ۔ میٹنگ میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال، خارجہ سکریٹری ونے کواترا اور دیگر حکام نے شرکت کی۔بعد ازاں دونوں رہنما¶ں نے مشترکہ پریس بیانات بھی دیئے ۔ مسٹر مودی نے سری لنکا کے صدر مسٹر وکرما سنگھے اور ان کے وفد کا ہندوستان میں پرتپاک خیرمقدم کیا اور صدر مسٹر وکرما سنگھے کو عہدہ سنبھالنے کے ایک سال مکمل ہونے پر ہندوستان کی طرف سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا، ”گزشتہ ایک سال سری لنکا کے لوگوں کے لیے چیلنجوں سے بھرا رہا ہے ۔ ایک قریبی دوست کے طور پر، ہمیشہ کی طرح، ہم اس بحران کے دوران سری لنکا کے لوگوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔مسٹر مودی نے کہا کہ سری لنکا کا بھی ہندوستان کی “پڑوسی پہلے ” پالیسی اور “ساگر” ویژن میں ایک اہم مقام ہے ۔ آج ہم نے دو طرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ہمارا خیال ہے کہ ہندوستان اور سری لنکا کے سکیورٹی مفادات اور ترقی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم نے اپنی اقتصادی شراکت داری کے لیے وژن دستاویز کو اپنایا ہے ۔ اس کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان سمندری، فضائی، توانائی اور عوام کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانا اور سری لنکا کے ساتھ ہندوستان کی طویل مدتی وابستگی کے مطابق سیاحت، توانائی، تجارت، اعلیٰ تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ میں تعاون کو تیز کرنا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان فضائی رابطہ بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ۔ کاروبار اور لوگوں کے سفر کو بڑھانے کے لیے ، ہم نے تامل ناڈو میں ناگاپٹنم اور سری لنکا میں کنکیسنتھورئی کے درمیان مسافر فیری خدمات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سری لنکا کی حکومت تملوں کی توقعات کو پورا کرے گی۔ مساوات، انصاف اور امن کے لیے تعمیر نو کے عمل کو آگے بڑھائیں گے ۔