واشنگٹن/ایجنسیز/ دنیا بھر میں کورونا وائرس (کووڈ 19) وبائی مرض سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 22.57 کروڑ ہوگئی ہے اور اب تک 46.48 لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر فار سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای ) کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے 192 ممالک اور خطوں میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 22 کروڑ 57 لاکھ 78 ہزار 167 جبکہ 46 لاکھ 48 ہزار 145 لوگ اس بیماری سے مرچکے ہیں۔ دنیا میں سپر پاور سمجھے جانے والے امریکہ میں کورونا وائرس کے انفیکشن کی رفتار ایک بار پھر تیز ہوگئی ہے ۔ یہاں متاثرین کی تعداد 4.13 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے اور 6.63 لاکھ سے زیادہ لوگ مر چکے ہیں۔ کورونا انفیکشن کے معاملے میں ہندوستان دنیا میں دوسرے اور مرنے والوں کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 27178 نئے کیسز کی آمد کے ساتھ متاثرہ افراد کی تعداد 3 کروڑ 33 لاکھ 16 ہزار 757 ہو گئی ہے ۔ اس دوران 38 ہزار 12 مریضوں کی صحت یابی کے بعد اس وبا کو شکست دینے والے افراد کی کل تعداد بڑھ کر 32522171 ہو گئی ہے ۔ ایکٹو کیسز 11120 سے کم ہو کر تین لاکھ 51 ہزار 87 ہو گئے ہیں۔ اسی عرصے میں 284 مریضوں کی موت کے باعث اموات کی تعداد بڑھ کر چار لاکھ 43 ہزار 497 ہو گئی ہے ۔ برطانیہ نے انفیکشن کے معاملے میں فرانس اور روس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ یہاں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 73.16 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور 134774 مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔ ترکی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 67.10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور 60393 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ انڈونیشیا میں کورونا کے ڈیلٹا ورینٹ کے بہت تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے صورتحال بہت خراب ہو گئی ہے ۔ یہاں کورونا انفیکشن کے کیسز 41.74 لاکھ سے تجاوز کر گئے ہیں جبکہ 139415 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ پڑوسی ملک بنگلہ دیش نے کورونا سے متاثر ہونے کے معاملے میں پاکستان کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ بنگلہ دیش میں 15.34 لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 27007 مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔ پاکستان میں اب تک 12.12 لاکھ سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں اور 26938 مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔ سری لنکا میں 4.90 لاکھ سے زائد لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 11567 مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔