تین ہلاک، تین ہلاک ، طالبان تربیتی مشق کر رہے تھے
کابل: ۱۱ ستمبر (ایجنسیز) افغانستان کے دارالحکومت میں ایک امریکی ساختہ بلیک ہاک ہیلی کاپٹر اس وقت گر کر تباہ ہو گیا جب طالبان اس پر تربیتی مشق کر رہے تھے، اس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ افغانستان کی وزارت دفاع کے ترجمان عنایت اللہ خوارزمی نے بتایا ہے کہ ایک امریکی ہیلی کاپٹر بلیک ہاک، جس کو تربیت کی غرض سے اڑایا جا رہا تھا، تاہم کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے وہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے کیمپس میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔‘ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ واقعے میں پانچ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ طالبان نے پچھلے سال اگست میں ملک کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد امریکہ ساختہ جہاز اور ہیلی کاپٹرز بھی قبضے میں لیے تھے تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ ان میں کتنے کس حد تک اڑنے کے قابل تھے کیونکہ امریکی فوجیوں نے انخلا سے قبل جان بوجھ کر فوجی سازوسامان کو ناکارہ بنایا تھا، اس وقت افغان فورسز نے کچھ ہیلی کاپٹرز وسطی ایشیائی ممالک کی طرف اڑائے تھے۔ خیال رہے 17 اگست کو طالبان نے چند جہازوں اور ہیلی کاپٹروں کی کامیاب پروازیں کی تھیں۔ وزارت دفاع کے ترجمان عنایت اللہ خوارزمی نے پروازوں کے بعد روئٹرز کو بتایا تھا کہ ’طالبان نے حال ہی میں کچھ ہیلی کاپٹروں کی مرمت کی ہے جن کو آزمائشی طور پر اڑایا گیا۔‘ انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہ وہ کس ملک کے بنے ہوئے تھے، تاہم اتنا بتایا کہ ’تمام قسم کے جہاز‘ ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ہیلی کاپٹروں کی مرمت کے لیے تکنیکی مدد کہاں سے حاصل کی گئی یا کس نے مہیا کی۔ پچھلے سال اگست میں طالبان نے امریکی فوج کا چھوڑا جنگی سازوسامان بھی قبضے میں لیا تھا۔ (فوٹو: روئٹرز)