کابل(یو این آئی) حکومت چین کی طرف سے بھیجی گئی ویکسین کی ایک کھیپ افغانستان کی راجدھانی کابل پہنچ گئی ہے ۔ کابل بین الاقوامی ایئر پورٹ پر منتقلی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں افعانستان میں چین کے سفیر وانگ یو اور افغانستان کی صحت عامہ کی وزات کے نائب وزیر عبدالباری عمر نے شرکت کی۔ مسٹر وانگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی سیاسی صورت حال میں تبدیلی کے پیش نظر چین نے افغانستان کو ویکسین کی 3 لاکھ خوراک اور دیگرضروری طبی ساما ن فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ افغانستان کو موجودہ دشواریوں اور پریشانیوں سے نمٹنے میں مدد کرنے کے لیے چین اب افغانستان کو اشیائے خوردو نوش، سردی کے موسم کی اشیائے ضروریہ، ویکسین اور ادویات سمیت 20 کروڑ یوآن ( 3.1 کروڑ امریکی ڈالر) کی ہنگامی مدد بھیج رہا ہے ۔