ملک بھر میں کووڈ 19 کے کیس بتدریج کم ہورہے ہیں ، مختلف ریاستی حکومتیں اب اسکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں فزیکل کلاسیں دوبارہ شروع کرنے پر غور کررہی ہیں۔ ملک میں کووڈ 19 انفیکشن کی دوسری لہر کی وجہ سے اسکول دوبارہ کھولنے میں تاخیر ہوئی۔ لیکن اب 10 سے زیادہ ریاستوں میں اسکول دوبارہ کھولنے پرغورکیاجارہاہے۔ تاہم طلباءدیگر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں (یو ٹی) میں اپنے تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے کے لیے ہدایات کا انتظار کر رہے ہیں۔اتر پردیش حکومت نے تمام کوویڈ 19 پروٹوکول پر سختی سے عمل کرتے ہوئے 16 اگست سے انٹرمیڈیٹ اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی حکومت کے حکم کے مطابق سکول 50 فیصد حاضری کے ساتھ فزیکل کلاسز کا انعقاد کریں گے۔ طلباء سے کہا گیا ہے کہ وہ ماسک پہنیں اور سماجی دوری کو برقرار رکھیں۔ طلباءکو سکول جانے کے لیے اپنے والدین کی تحریری رضامندی درکار ہوگی۔حکومت نے یکم ستمبر سے کالج اور یونیورسٹیاں دوبارہ کھولنے کے منصوبوں کا اعلان بھی کیا ہے۔