منصوبے کی تکمیل سے تیز رفتار نقل و حمل اور بہتر بین ضلعی رابطہ فراہم ہوگا: گڈکری
نئی دہلی، 24 نومبر (یو این آئی) روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا ہے کہ بھارت مالا پروجیکٹ کے تحت ہریانہ میں قومی شاہراہ نمبر 148 بی کے بھیوانی-ہانسی روڈ سیکشن کو چار لین کرنے کی منظوری دی گئی ہے ۔ مسٹر نتن گڈکری نے آج ایک ٹویٹ میں یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ ہریانہ کے بھیوانی اور حصار اضلاع میں بھارت مالا پروجیکٹ کے تحت این ایچ-148B کے بھیوانی-ہانسی روڈ سیکشن کو چار لین کرنے کی منظوری دی گئی ہے ، جس میں 1322.13 کروڑ روپے کی لاگت آنے کا تخمینہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے تیز رفتار نقل و حمل اور بہتر بین ضلعی رابطہ فراہم ہوگا۔ اس سیکشن کی ترقی سے اس روٹ پر ٹریفک اور فریٹ ہینڈلنگ میں بہتری آئے گی۔ اس سے نہ صرف ٹریفک ہموار اور محفوظ ہوگی بلکہ سفر کے وقت اور گاڑی چلانے کی لاگت بھی کم ہوگی۔ پروجیکٹ کا کام مکمل ہونے سے بنیادی ڈھانچے کو فروغ ملے گا اور ہریانہ کی اقتصادی ترقی میں تیزی آئے گی۔ دوسری ٹویٹ میں مسٹر گڈکری نے بتایا کہ تلنگانہ کے ملوگو ضلع میں این ایچ-163 کے حیدرآباد-بھوپالپٹنم سیکشن پر فٹ پاتھ کے ساتھ دو لین تک چوڑا کرنے کی منظوری دی گئی ہے ، جس میں 136.22 کروڑ روپے لاگت آنے کا تخمینہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سڑک کی تعمیر سے تلنگانہ اور چھتیس گڑھ کے درمیان بین ریاستی رابطے میں سدھار ہوگا جو اہم سیاحتی مقامات جیسے لکناورام جھیل اور بگوتھا آبشار کو جوڑتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ملوگو نکسل متاثرہ ضلع ہے اور اس حصے پر سڑک کی بہتر ترقی سے ریاستی حکومت کو انتہا پسندانہ سرگرمیوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔