نئی دہلی، 4 نومبر (یو این آئی) سپریم کورٹ قومی راجدھانی خطہ میں خطرناک سطح پر آلودگی کی روک تھام سے متعلق مقدمات کی 10 نومبر کو سماعت کرے گی۔ چیف جسٹس یو۔ یوللت کی سربراہی والی بنچ نے آلودگی کو روکنے کی عرضیوں پر سماعت کی عرضی کو جمعہ کو قبول کرتے ہوئے "خصوصی ذکر کے دوران” اس کے لیے 10 نومبر کی تاریخ مقرر کی۔ بنچ کے سامنے ایک وکیل نے آلودگی کے معاملے پر جلد سماعت کی مانگ کی تھی۔ وکیل نے بنچ کے سامنے عرض کیا کہ آلودگی کی صورتحال اتنی سنگین ہو گئی ہے کہ دہلی میں ہوا کے معیار کا انڈیکس 500 تک پہنچ گیا ہے ۔ ایسی خوفناک صورتحال دارالحکومت میں پہلے کبھی نہیں ہوئی تھی۔ اس لیے آلودگی کو کم کرنے کے لیے پڑوسی ریاستوں پنجاب اور ہریانہ میں پرالی جلانے کو روکنے کے لیے فوری مداخلت کی ضرورت ہے ۔ چیف جسٹس یو یو للت نے وکیل کی عرضی کو قبول کرتے ہوئے 10 نومبر کو سماعت کے لیے رضامندی ظاہر کی۔ چیف جسٹس للت 8 نومبر کو ریٹائر ہونے والے ہیں۔