ملک میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا قومی پرچم ہے
سرینگر/
آزادی کا امرت مہوتسو کے ایک حصے کے طور پر ہر گھر ترنگا مہم کے تحت سرینگر ضلع میں انتظامیہ کی جانب سے بخشی سٹیڈیم میں 1850میٹر لمبا قومی پرچم لگاکر ایک قومی ریکارڈ قائم کیا گیا ہے ۔ جموں و کشمیر میں پرچم کشائی کی پہلی سب سے بڑی تقریب کی صدارت چیف سکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے کی۔ادھر ڈپٹی کمشنر سرینگر محمد اعجاز اسد اور تمام ضلی اور سیکٹرل افسران کے علاوہ پانچ ہزار شہریوں نے آزادی کے امرت مہوتسو کے ایک حصے کے طور پر ہر گھر ترنگا مہم کے تحت آزادی کے 75سال مکمل ہونے پر قومی پرچم لہرانے کی تقریب میں شرکت کی۔اس موقعے پر چیف سیکریٹری نے ہر گھر ترنگا مہم کے تحت جشن منانے کےلئے 1850میٹر لمبے جھنڈے کا معائینہ کیا جو کہ پورے سٹیڈیم میں پھیلا ہوا ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف سکریٹری نے 1850 میٹر لمبے قومی پرچم کی نمائش کی ایسی شاندار تقریب منعقد کرنے پر ضلعی انتظامیہ سرینگر کی کوششوں کی تعریف کی جو شہریوں میں قوم پرستی، قربانی اور بھائی چارے کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔اس موقعے پر ڈپٹی کمشنر سری نگر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور تقریب کو کامیاب بنانے کے لیے تمام شرکاءکی تعریف کی۔واضح رہے کہ نیشنل فلیگ کوڈ کے مطابق 1850میٹر لمبے جھنڈے کو رول کرنے اور اُتارنے میں لگ بھگ 500افراد مصروف رہے ۔ اس کے علاوہ اس ریکارڈ ساز پرچم کو تیار کرنے میں دس دن لگے ہیں۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بخشی اسٹیڈیم میں آج جو 1850 میٹر لمبا قومی پرچم لہرایا گیا ہے وہ ملک میں اپنی نوعیت کا سب سے طویل قومی پرچم ہے۔ جھنڈا کھادی کے کپڑے سے بنا تھا۔