سپریم کورٹ نے فوری سماعت سے انکار کر دیا
نئی دہلی، 20 مئی (یو این ا?ئی) سپریم کورٹ نے پنجاب کانگریس کے سابق صدر اور سابق بین الاقوامی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کی اس عرضی کو جمعہ کو مسترد کر دیا کہ وہ خودسپردگی کے لیے چند ہفتوں کی توسیع کی درخواست پر جلد سماعت کرے۔ چیف جسٹس این وی رمن کی سربراہی والی بنچ نے سدھو کی عرضی کو فوری طور پر سننے سے انکار کر دیا۔ سدھو نے چیف جسٹس کی سربراہی والی بنچ کے سامنے خصوصی بنچ کے ذریعہ جلد سماعت کی مانگ کی تھی۔ اس سے قبل جسٹس اے ایم کھانولکر کی سربراہی والی بنچ نے سینئر وکیل ابھیشیک منو سنگھوی کے ’خصوصی ذکر‘ پر کہا تھا کہ اگر معاملہ اس کے سامنے آتا ہے تو وہ اس پر غور کرے گی۔ جسٹس کھانولکر نے توسیع کی درخواست پر کہا کہ باضابطہ درخواست دیں اور سماعت کے لیے چیف جسٹس کی بنچ سے رجوع کریں، پھر ہم غور کریں گے۔ مسٹر سنگھوی نے جمعرات کو جسٹس کھانولکر کی سربراہی والی بنچ کے سامنے سدھو سے چند ہفتوں کا وقت دینے کی درخواست کی تھی، جس نے نوجوت سنگھ سدھو کو ایک سال کی سخت قید کی سزا سنائی تھی۔ مسٹر سنگھوی نے کہا تھا کہ سدھو ہتھیار ڈالنے کے لیے تیار ہیں، لیکن صحت کے کچھ مسائل کی وجہ سے انھیں تین سے چار ہفتے کی مہلت دی جانی چاہیے۔