بانڈی پورہ میں سی آئی ایس ایف اہلکار کو اپنے کمرے میں مردہ پایا گیا
شمال و جنوب میں دو الگ الگ مقامات پر دو افراد کی لاشیں پُرسرار طور پرپائی گئیں جس کے نتیجے میں ان علاقوں میں سراسمگی پھیل گئی ۔ معلوم ہو اہے کہ شمالی ضلع بانڈی پورہ میں نیشنل ہائیڈرو الیکٹرک پاور کارپوریشن پرائیویٹ لمیٹڈ (این ایچ پی سی ایل) پر سینٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس(سی آئی ایس ایف) کے ایک اہلکار کو جمعرات کی صبح اپنے کمرے میں پر اسرار حالت میں مردہ پایا گیا۔سی ایس ایف اہلکار کی لاش کی خبر علاقے میں پھیلتے ہی وہاں سراسمگی پھیل گئی اور لوگوں کی بڑی تعداد جائے وقوع پر پہنچ گئی اورپولیس کو مطلع کیا گیا ، پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لیکر معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے ۔ اس ضمن میںپولیس ذرائع نے بتایا کہ بانڈی پورہ میں ایم ایچ پی سی ایل پر جمعرات کو سی آئی ایس ایف کے ایک اہلکار کو اپنے کمرے میں مردہ پایا گیا۔متوفی کی شناخت اصغر علی ولد نظام الدین ساکن بہار کے طور پر کی گئی ہے۔دریں اثنا ءجنوبی ضلع اننت ناگ کے چینی چوک میں جمعرات کو آٹو رکشا میں ایک24 سالہ نوجوان کی لاش پائی گئی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اننت ناگ کے چینی چوک میں جمعرات کو ایک نوجوان کی لاش ایک آٹو رکشا میں دیکھی گئی جس کے متعلق پولیس کو مطلع کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس کی ایک ٹیم جائے موقع پر پہنچی اور لاش کو قانونی و طبی لوازمات کی ادائیگی کے لئے اپنی تحویل میں لے لیا۔