جوابی کارروائی میں ایک ہفتے کے دوران 9000 روسی فوجیوں کو مارنے کا یوکرین کا دعویٰ
کیف: ۳ مارچ (ایجنسیز) یوکرین کیخلاف روس کی فوجی کاررائیوں کے نتیجے میں بھیانک تباہی مچ گئی ہے ۔ یوکرین پر روسی حملے کے آٹھویں دن دارالحکومت کیف میں چار زبردست دھماکے کئے گئے جبکہ یوکرین نے ایک ہفتے کے دوران 9000روسی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کیف کے مرکز میں دو زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ تیسرے اور چوتھے دھماکوں کی آواز کیف کے ڈرزبی ناروڈیو میٹرو اسٹیشن کے قریب سنی گئی اور زبردست تباہی کی اطلاع ہے۔ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے فیس بک پر ایک ویڈیو پوسٹ میں کہا کہ ایک ہفتے میں 9000 روسی مارے گئے۔ مزید کہا کہ ہم مل کر زیادہ سے زیادہ روسی فوجیوں کو واپس بھگارہے ہیں۔ میں آپ کی صحت کیلئے دعا گو ہوں۔صدر نے کہاکہ ہماری فوج، ہمارے سرحدی محافظ، ہمارا علاقائی دفاع، یہاں تک کہ عام کسان بھی ہر روز روسی فوج سے لڑ رہے ہیں۔
سڑکیں بلاک کرنے یا روسی فوج اور ان کی گاڑیوں کے سامنے کھڑے ہونے پر یوکرین کے لوگوں کی بہادری کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سڑکیں بلاک کرنا، لوگ دشمن کی گاڑیوں کے سامنے آ رہے ہیں، یہ انتہائی خطرناک ہے، لیکن کتنی ہمت ہے۔ صدر زیلنسکی نے کہا کہ ان کی فوج دشمن کو توڑنے کیلئے سب کچھ کر رہی ہے۔