بوتھ ایجنٹ نے خاتون ووٹر کو شناخت کیلئے حجاب ہٹانے کی ہدایت دی
مدورئی(یو این آئی) تمل ناڈو میں شہری بلدیاتی انتخابات کے دوران ہفتے کو ضلع مدورئی کے میلور میں ایک پولنگ بوتھ پر اس وقت کشیدگی پھیل گئی جب ایک بوتھ ایجنٹ نے ایک مسلم خاتون ووٹر کو ووٹر لسٹ سے شناخت کے لیے اس کا حجاب ہٹانے کو کہا۔ موصولہ اطلاع کے مطابق میلور میونسپلٹی کے وارڈ نمبر آٹھ میں واقع الامین ہائی اسکول کے احاطے میں واقع پولنگ بوتھ پر حجاب پہنے ہوئے مسلم خواتین کی ایک بڑی تعداد اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کی منتظر تھی۔ دریں اثنا، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے بوتھ ایجنٹ گری راجن نے مسلم خواتین ووٹر کے چہرے کو حجاب سے ڈھانپنے پر اعتراض کیا۔ گری راجن نے پولنگ افسران سے سوالیہ لہجے میں کہا،‘ہم ان کا چہرہ کیسے پہچان سکتے ہیں۔ کیا ہم ووٹر لسٹ کی تصویر کو ووٹ ڈالنے آنے والی خواتین ووٹر کی تصویر سے ملا سکتے ہیں’؟ ڈی ایم کے اور اے آئی اے ڈی ایم کے کے بوتھ ایجنٹس اور پولنگ افسران سمیت دیگر سیاسی پارٹیوں نے بی جے پی کے بوتھ ایجنٹس کے اعتراض سے اتفاق نہیں کیا۔ مسلم خواتین اور مردوں کی گری راجن کے ساتھ گرما گرم بحث ہوئی جس کی وجہ سے حالات کشیدہ ہوگئے اور پولنگ میں آدھے گھنٹے تک خلل پڑا، بعد میں پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے گری راجن کو زبردستی بوتھ سے ہٹا دیا۔ ان کی جگہ بی جے پی کی خاتون ایجنٹ نے لے لی۔ پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں کشیدگی اس وقت بڑھ گئی جب گری راجن نے بوتھ میں داخل ہونے کی کوشش کی اور خواتین ووٹر سے شناخت کے لیے اپنا حجاب اتارنے کا مطالبہ کیا۔ اس دوران کچھ لوگوں نے مبینہ طور پر گری راجن پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران پولیس حرکت میں آگئی اور اسے پوچھ گچھ کے لیے میلور پولیس تھانے لے گئی۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولنگ بوتھ پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے ۔اس دوران ریاستی الیکشن کمشنر وی پلانی کمار نے کہا کہ رائے دہندگان اپنی پسند کے مطابق کپڑے پہن سکتے ہیں اور اپنی حق رائے دہی کا استعمال کرنے آئی، حجاب والی خواتین پر اعتراض کرنے والوں پر کاروائی کی جائے گی۔