نئی دہلی(یو این آئی) سپریم کورٹ نے ہریانہ میں نجی شعبے کی ملازمتوں میں 75 فیصد ریزرویشن سے متعلق ریاستی حکومت کے نوٹیفکیشن پر پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے امتناع سے متعلق فیصلے کو مسترد کر دیا۔ سپریم کورٹ نے ریاستی حکومت کے نوٹیفکیشن پر روک لگانے کے ہائی کورٹ کے حکم کو منسوخ کرنے کے ساتھ ہی اس معاملے میں ہائی کورٹ سے چار ہفتوں کے اندردوبارہ سماعت کرنے کی درخواست کی۔جسٹس ایل ناگیشور را¶ اور جسٹس پی ایس نرسمہا کی بینچ نے متعلقہ فریقوں کے دلائل سننے کے بعد کہا کہ ہائی کورٹ نے روک لگانے کے حق میں اپنے فیصلے پر خاطر خواہ وجوہات نہیں بتلائی ہے ۔عدالت عظمیٰ کی دو ججوں کی بینچ نے کہا ،‘ہائی کورٹ کی جانب سے امتناع کے لیے صادر حکم میں نا کافی وجوہات کا ذکر کیا گیا ہے ’۔جسٹس را¶ نے کہا، ‘ہم معاملے کے نقص و خوبی میں نہیں پڑنا چاہتے ۔ ہم ہائی کورٹ سے چار ہفتوں کے اندر معاملے کو طے کرنے کی درخواست کرتے ہیں’۔جسٹس را¶ نے واضح طور پر کہا،شنوائی کے دوران فریق عدالت کے سامنے امتناع (اسٹے ) سے متعلق کسی طرح کا مطالبہ نہیں کریں گے ’۔ عدالت عظمیٰ نے ہریانہ حکومت کو حکم دیا کہ وہ معاملہ عدالت میں زیر التوا ہونے کے دوران نوکری دینے والوں کے خلاف کوئی اقدام نہ کرے۔