نئی دہلی(یو این آئی) مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ نے بدھ کے روز کہا کہ دہلی پولیس اگلے پانچ برسوں میں جانچ سے لے کر پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود سمیت ہرشعبے میں خامیوں کو دور کرنے کے ہدف کے ساتھ کام کرے اور آزادی کے 100 سال مکمل ہونے کے موقع پر دارالحکومت کی بہترین پولیس بننے کے لیے بھی روڈ میپ تیار کریے ۔ مسٹر شاہ نے بدھ کے روز یہاں دہلی پولیس کے 75ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کے دارالحکومت کی پولیس ہونے کے ناطے دہلی پولیس کی ذمہ داری بہت بڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ذمہ داری پر کھرا اترنے اور دیگر ریاستوں کی پولیس کے لیے تحریک کا سرچشمہ بننے کے لیے اسے اگلے پانچ برسوں میں جانچ سے لے کرعوامی فلاح و بہبود اور پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے شعبے میں موجود تمام خامیوں کو دور کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اگلے 25 برسوں میں ملک آزادی کا صد سالہ جشن منائے گا اوردہلی پولیس کو دہلی پولیس کو اس وقت کے لئے اپنا روڈ میپ تیار کرنا ہوگا کہ اس وقت دارالحکومت میں پولیس نظام کو کس بلندی پر لے جانا ہے ۔