50سے زیادہ ممالک کے وزرائے دفاع اورافواج کے سربراہان شرکت کرینگے
نئی دہلی(یو این آئی) وزارت دفاع کی باوقار دفاعی نمائش-2022 میں تقریباً 60 ممالک کی 900 سے زیادہ کمپنیاں شرکت کریں گی اور اس میں 50 سے زیادہ ممالک کے وزرائے دفاع اورافواج کے سربراہان شرکت کریں گے ۔1996 میں شروع ہوئی دفاعی نمائش کا یہ 12 واں ایڈیشن ہے اور اس مرتبہ یہ 10 سے 13 مارچ تک گجرات کے گاندھی نگر میں منعقد کی جائے گی ۔ پچھلی باراس کا اہتمام لکھن¶ میں کیا گیا تھا۔اس نمائش کا اہتمام کرنے والی وزارت دفاع کے شعبہ دفاعی پیداوار نے بدھ کے روز بتایا کہ ایک لاکھ مربع رقبے پر منعقد ہونے والی نمائش کی 11 مارچ کو افتتاحی تقریب میں ملک کی اعلیٰ قیادت کی بھی شرکت متوقع ہے ۔ تاہم انہوں نے ابھی تک ان کے نام کا انکشاف نہیں کیا ہے ۔ نمائش 10 مارچ سے شروع ہو جائے گی لیکن اس کی افتتاحی تقریب 11 مارچ کو ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے امرت مہواتسو کے دوران منعقد ہونے کے پیش نظر یہ نمائش بہت اہمیت کی حامل ہے ۔نمائش میں 55 ممالک کی 900 سے زائد کمپنیوں نے شرکت کرنے کی تصدیق کی ہے اور اس تعداد میں مزید اضافہ متوقع ہے ۔ ان میں سے 800 غیر ملکی اور 100 ہندوستانی کمپنیاں ہیں۔ ہندوستانی کمپنیوں میں سب سے زیادہ حصہ داری گجرات کی 63 کمپنیوں کی ہو گی ۔ پچھلے سال کی طرح اس بار بھی نمائش میں ہندوستان-افریقہ ڈائیلاگ کا انعقاد کیا جائے گا اور 27 افریقی ممالک نے بھی اپنی شرکت کی تصدیق کی ہے ۔ نمائش میں ‘بندھن’ تقریب کے دوران تقریباً دو سو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جانے کا امکان ہے ۔