سیاسی لیڈروں کی تشہیری مہم میں انتخابی مہم زور پکڑ رہی ہے
چنڈی گڑھ(یو این آئی) پنجاب میں درجہ حرارت بڑھنے کے ساتھ ہی انتخابی ماحول بھی گرم ہونے لگا ہے جہاں مختلف سیاسی جماعتوں کے بڑے لیڈروں کے تشہیری مہم میں آگے آنے سے انتخابی مہم زور پکڑ رہی ہے ۔وزیر اعظم نریندر مودی کا 14 فروری کو ریاست کا دورہ کرنے کا امکان ہے اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جے پی نڈا سمیت کئی مرکزی وزراءانتخابی مہم کے لیے آنے والے ہیں۔ اس کے علاوہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی، پرینکا گاندھی سمیت متعدد کانگریسی لیڈروں نے بھی اپنے امیدواروں کی حمایت میں عوام کے سامنے آ کر انتخابی سماں باندھنا شروع کر دیا ہے ۔ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کے 18 فروری تک انتخابی مہم چلانے کے لیے پنجاب آنے کے بعد، یہ مقابلہ کانٹے کی ٹکر میں بدل رہا ہے ۔مسٹر کیجریوال کی اہلیہ اور بیٹی نے کل دھوری علاقے میں عآپ کے وزیر اعلیٰ کے امیدوار بھگونت مان کے لیے مہم چلائی اور دہلی حکومت کے اچھے کاموں کا حوالہ دیتے ہوئے ووٹ مانگے ۔ انہوں نے کہا کہ دھوری کے عوام ایسے شخص کو ایم ایل اے منتخب کرنے جا رہے ہیں جو پنجاب کا وزیراعلیٰ کا چہرہ ہے ۔وزیر اعلیٰ کے امیدوار اور اکالی دل کے سربراہ سکھبیر بادل بھی اپنے امیدواروں کی تشہیر میں مصروف ہیں۔ ان کی اہلیہ ہرسمرت کور بادل ان کا ساتھ دے رہی ہیں۔ ان کے والد اور سابق وزیر اعلیٰ پرکاش سنگھ بادل سب سے عمر دراز امیدوار ہیں جن کو 94 سال کے ہونے کے باوجود پارٹی نے اپنا امیدوار بنایا ہے ۔ سابق وزیر اعلیٰ اپنے طور پر انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ حالانکہ وہ طویل عرصے سے لمبی اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کر رہے ہیں اور انہیں عوام پر پورا بھروسہ ہے کہ لوگ ان کے طویل سیاسی کیرئیر کو دیکھتے ہوئے ان کی کشتی لگا دیں گے ۔ ان کی بہو ہرسمرت کور بادل بھی ان کے لیے انتخابی مہم چلاتی نظر آرہی ہیں۔