سرینگر اور بجبہاڑہ میں آدھے گھنٹے کے وقفے کے دوران عسکریت پسندوں نے پولیس آفیسر اور ایک شہری پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میںدونوں کی موت واقع ہوئی ہے۔ پولیس ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دہشت گردی کے یہ واقعات کیسے رونما ہوئے اس سلسلے میں تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ بدھوار شام دیر گئے اننت ناگ کے بجبہاڑہ علاقے میں اُس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب عسکریت پسندوں نے اسسٹنٹ سب انسپکٹر جس کی شناخت محمد اشرف ساکن اونتی پورہ کے بطور ہوئی پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا ، اگر چہ اُس سے علاج ومعالجہ کی خاطر سرینگر منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اُس سے مردہ قرار دیا۔ ابھی بجبہاڑہ میں اے ایس آئی کو مارنے کی خبر کانوں میں گونج ہی رہی تھی کہ شہر خاص کے نرورہ عید گاہ علاقے میں جنگجو نمودار ہوئے اور ایک عام شہری پر فائرنگ کی جس کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی۔ نمائندے نے بتایا کہ نرورہ عید گاہ میں مشتبہ عسکریت پسندوں نے ایک عام شہری جس کی شناخت روف احمد خان کے بطور ہوئی پر رہائشی مکان کے باہر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس وجہ سے اُس کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی۔ پولیس کے ایک سینئر آفیسر نے یو پی آئی کو بتایا کہ بدھوار شام دیر گئے نرورہ علاقے میں عسکریت پسندوں نے ایک عام شہری پر فائرنگ کی جس کی وجہ سے وہ موقع پر ہی از جان ہوا۔ انہوںنے کہاکہ شہری کے جسم میں تین گولیاں پیوست تھیں اور جسم سے کافی خون بہہ جانے کے نتیجے میں اُس کی موت واقع ہوئی ہے۔ پولیس آفیسر نے بتایا کہ آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے۔