وادی کے پہاڑوں اور بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری
سونہ مرگ۔زوجیلا شاہراہ پر جمعرات کو ٹریفک کی نقل وحمل کو عارضی طورپر معطل
وادی کشمیر میں خشک موسم کے باجود ہے سردی کی شدت میں روز بروز اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے جبکہ چلہ کلان سے قبل ہی چلہ کلان کا احساس ہورہا ہے ۔اس دوران جمعرات کو وادی کے بیشتر پہاڑوں اور بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی ہے جس دوران تازہ برف باری کے نتیجے میں سونہ مرگ۔زوجیلا شاہراہ پر جمعرات کو ٹریفک کی نقل وحمل کو عارضی طورپر معطل کیا گیا ہے ۔کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق وادی کشمیرسردیوں کے بادشاہ چالیس روزہ ’چلہ کلان‘ جیسی سردیوں کا زور برابر جاری ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو طرح طرح کے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔وادی میں شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ سرد ترین جگہ رہی جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.00 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق جموں وکشمیر میں 22 دسمبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا جموں وکشمیر اور لداخ میں25 دسمبر یعنی مسیحی براداری کے بڑے تہوار کرسمس کے موقع پر موسم کروٹ بدل سکتا ہے جس کے باعث ہلکے سے درمیانی درجے کی برف باری متوقع ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب رواں سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی3.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ وادی کی سرد ترین جگہ رہی جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ گلمرگ میں بدھ کے روز برف باری بھی ہوئی۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ادھرتازہ برف باری کے بعد سونہ مرگ۔زوجیلا شاہراہ پر جمعرات کو ٹریفک کی نقل وحمل کو عارضی طورپر معطل کیا گیا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ’سیاحتی مقام سونہ مرگ اور دراس میں جمعرات کی صبح کو برف باری ہوئی جس کے بعد شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت کو معطل کیا گیا‘۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر پھسلن پیدا ہونے کے باعث احتیاطی طورپر سونہ مرگ۔زوجیلا شاہراہ پر ٹریفک کی آواجاہی کومعطل رکھنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ا±ن کے مطابق سونہ مرگ اور منی مرگ میں جمعرات کی صبح کو تازہ برف باری ہوئی ہے جس کے پیش نظر اس طرح کا فیصلہ لیا گیا۔علاوہ ازیں ڈی ایس پی ٹریفک نے بتایا کہ برف باری کے نتیجے میں جگہ جگہ پھسلن پیدا ہوئی ہے جس کے بعد سونہ مرگ زوجیلا شاہراہ پر احتیاطی طورپر ٹریفک کی نقل وحمل روک دی گئی ہے۔غور طلب ہے کہ مذکورہ شاہراہ سرمائی ایام کے دوران تقریباً چھ ماہ تک ٹریفک کیلئے بند کی جاتی ہے کیونکہ اس شاہراہ پر برف باری اور پڑنے والی کڑاکے کی ٹھنڈ سے گاڑیوں کا چلنا محال بن جاتا ہے۔