نئی دہلی(یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی کی اتر پردیش انچارج پرینکا گاندھی واڈرا نے اتوار کو یوگی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بڑے پیمانے پر روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کرنے والی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت سے نوجوانوں نے جب روزگار کا مطالبہ کیا اور کینڈل مارچ کیا تو ان پر لاٹھیاں برسائی گئیں۔ مسٹر گاندھی
نے نوجوانوں پر لاٹھی چارج کو ظلم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب بی جے پی والے ووٹ مانگنے آئیں گے تو ان نوجوانوں کو یہ واقعہ ضرور یاد ہوگا۔ انہوں نے ٹویٹ کیا:اتر پردیش حکومت نے روزگار مانگنے والوں کو لاٹھیاں ماریں – جب بی جے پی ووٹ مانگنے آئے تو یاد رکھنا”۔ محترمہ گاندھی نے کہا “ نوجوان ہاتھوں میں موم بتیوں کی روشنی لیکر اپنی آواز بلند کر رہے تھے کہ ‘روزگار دو’ لیکن اندھیرے کی علامت بن چکی یوگی حکومت نے ان نوجوانوں کو لاٹھیاں دیں”۔