وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی ہر ممکن امداد کی یقین دہانی، کہا حالات پرنظر ہے
سرینگر/14اگست /وی او آئی// جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے دور افتادہ گاو¿ں چھسوتی میں جمعرات کو بادل پھٹنے کے خوفناک واقعے نے علاقے کو سوگ اور تباہی کی لپیٹ میں لے لیا۔ حکام کے مطابق اس سانحے میں کم از کم 17 افراد کی موت ہو گئی جبکہ متعدد افراد لاپتہ ہیں اور املاک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔یہ آفت دوپہر 12 بجے سے 1 بجے کے درمیان اس وقت پیش آئی جب مشائل ماتا یاترا کے لیے بڑی تعداد میں زائرین چھسوتی میں موجود تھے۔ یہ گاو¿ں مندر جانے والے راستے کا آخری موٹرایبل پوائنٹ ہے، جہاں سے 8.5 کلو میٹر کا پیدل سفر شروع ہوتا ہے۔ اچانک پہاڑوں سے آنے والے مٹی، پتھروں اور پانی کے تیز ریلے نے ہر چیز کو اپنے ساتھ بہا دیا، مکانات زمین بوس ہو گئے اور راستے بند ہو گئے۔وائس آف انڈیا کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے فوری طور پر جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر اور وزیر اعلیٰ سے رابطہ کیا، صورتحال کا جائزہ لیا اور کہا کہ مقامی انتظامیہ راحت اور ریسکیو کاموں میں مصروف ہے۔ این ڈی آر ایف کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوع پر روانہ کر دی گئیں۔













