کشمیر سیاحوں کے لیے ہر موسم میں جنت ہے
عمر عبداللہ نے گاندھی نگر میں نمائش کا افتتاح کیا، گجرات کے سیاحوں کو وادی کی سیر کی دعوت
سرینگر/جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کو گاندھی نگر میں منعقدہ "ٹریول اینڈ ٹورازم فیئر کا افتتاح کرتے ہوئے ملک بھر کے سیاحوں کو وادی کشمیر کی بے مثال خوبصورتی، تہذیبی ورثے اور کشادہ دل مہمان نوازی کا براہِ راست مشاہدہ کرنے کی دعوت دی۔مہاتما مندر کنوینشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں منعقدہ اس سیاحتی میلے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جموں و کشمیر نہ صرف سردیوں میں برف پوش وادیوں کی وجہ سے معروف ہے بلکہ گرمیوں، خزاں، بہار اور ہر موسم میں یہاں سیاحوں کے لیے کچھ نہ کچھ خاص ضرور موجود ہوتا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گجرات اور جموں و کشمیر کے درمیان سیاحتی تبادلہ بڑھ رہا ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ جموں و کشمیر کو ایک ہمہ موسمی، بھرپور ثقافتی اور سیاحتی مرکز کے طور پر پورے ملک میں اجاگر کیا جائے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، پہلگام کے رکن اسمبلی الطاف احمد وانی، گلمرگ کے رکن اسمبلی فاروق احمد شاہ، اور گجرات کے وزیر سیاحت ملوبھائی بیرا بطور مہمانِ خصوصی شریک تھے۔ جموں و کشمیر حکومت کے اعلیٰ افسران جن میں چیف سیکریٹری (وزیر اعلیٰ کے دفتر) دھیرج گپتا، اور چیف سیکریٹری محکمہ سیاحت ڈاکٹر آشش چندر ورما شامل تھے، نے بھی شرکت کی۔نمائش کے دوران عمر عبداللہ نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور ٹریول انڈسٹری کے نمائندوں اور کاروباری شخصیات سے بات چیت کی۔ انہوں نے اس موقع کو ریاستی سیاحت کے فروغ کے لیے ایک سنہری موقع قرار دیا۔دورے کے دوران وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں بین الریاستی اشتراک، سیاحت کے فروغ، اور جامع ترقی سے متعلق بہترین تجربات کے تبادلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ٹریول اینڈ ٹورازم فیئر احمد آباد” گجرات کا سب سے بڑا سیاحتی تجارتی میلہ ہے، جہاں اس سال 900 سے زائد نمائش کنندگان اور جموں و کشمیر سے 70 سے زیادہ سیاحتی ادارے شریک ہو رہے ہیں۔ سری لنکا کی بین الاقوامی نمائندگی نے بھی اس ایونٹ کو چار چاند لگا دیے ہیں۔تین روزہ میلے (31 جولائی تا 2 اگست) کے دوران تقریباً 12,500 ٹریول پروفیشنلز کی شرکت متوقع ہے۔ احمد آباد اور اس کا جڑواں شہر گاندھی نگر بھارت میں اندرون اور بیرون ملک سفر کے لیے اہم مراکز مانے جاتے ہیں، اور یہاں کا میلہ آنے والے تہواروں اور سیاحتی سیزن کی تیاریوں کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔جموں و کشمیر کے اسٹال کو میلے میں خصوصی توجہ حاصل ہے، جہاں خطے کی روایت، قدرتی حسن اور جدید سیاحتی امکانات،جیسے ایڈونچر، فلم ٹورازم، گالف، زیارت گاہوں اور غیر روایتی مقامات،کو نمایاں کیا جا رہا ہے۔ملک کی 25 ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے اس میلے میں شریک ہیں، جو ایک مضبوط نیٹ ورکنگ، اشتراک اور کاروباری مواقع کی فضا پیدا کر رہا ہے۔ TTF احمد آباد جموں و کشمیر کے لیے ایک بڑا موقع ہے کہ وہ نہ صرف اندرون ملک بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنی سیاحت کو فروغ دے۔میلے میں شریک دیگر اہم شخصیات میں ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر راجہ یعقوب، ڈائریکٹر ٹورازم جموں وکاس گپتا، ایم ڈی JKTDC شریا سنگھل، کیرالا ٹورازم کی ڈائریکٹر سکھا سورندرن اور گجرات ٹورازم کے جوائنٹ ایم ڈی کلدیپ سنگھ جھالا شامل تھے۔













