سندور بہادری کی علامت
ٓٓآپریشن سندور دہشت گردوں کےخلاف سب سے بڑا اور کامیاب آپریشن
’درپردہ جنگ ‘ نہیں چلے گی، ایسا ہوا تو ہم اُنہیں گھرمیں گھس کر ماریں گے
سری نگر :۱۳، مئی:جے کے این ایس : وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو کہا کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے پر ہندوستان کے ردعمل کے بعد سندور بہادری کی علامت بن گیا ہے،اور پاکستان کو خبردار کیا کہ گولیوں کا جواب توپ کی گولیوں سے دیا جائے گا۔انہوں نے پاکستان کا نام لئے بغیر واضح الفاظ میں خبردار کیا کہ اب دہشت گردوں کے ذریعے ’پراکسی وار‘ نہیں چلے گا اور اگر ایسا ہوا تو ہم انہیں گھرمیں گھس کر ماریں گے۔ انہوں نے آپریشن سندھ کو ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اور کامیاب انسداد دہشت گردی آپریشن بھی قرار دیا۔جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق وزیر اعظم مودی نے بھوپال میں لوک ماتا دیوی اہلیا بائی ہولکر کے 300ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ مہیلا سشکتی کرن مہاسمیلن سے خطاب کیا۔ اپنی تقریباً 40 منٹ کی تقریر میں وزیراعظم نے اپنے خطاب کو خواتین کی بہادری پر مرکوز رکھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہاکہ ہندوستان ثقافت اور روایات کا ملک ہے، اور ہماری روایت میں سندور خواتین کی طاقت کی علامت ہے۔ ہنومان جی، جو رام بھکتی میں ڈوبے ہوئے ہیں، سندور بھی کھیلتے ہیں۔ ہم شکتی پوجا میں سندور پیش کرتے ہیں۔ یہ سندور بہادری کی علامت بن گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پہلگام میں دہشت گردوں نے نہ صرف ہندوستانیوں کا خون بہایا بلکہ ہماری ثقافت پر بھی حملہ کیا، انہوں نے ہمارے معاشرے کو تقسیم کرنے کی کوشش کی اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ دہشت گردوں نے ہندوستان کی خواتین کی طاقت کو چیلنج کیا ہے ۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ یہ چیلنج دہشت گردوں اور ان کے ہینڈلرز کے لیے موت کی گھنٹی بن گیا ہے۔ آپریشن سندور دہشت گردوں کے خلاف ہندوستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اور کامیاب آپریشن ہے۔انہوںنے کہاکہ جب کہ پاک فوج سوچ بھی نہیں سکتی تھی، ہماری فوج نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا ۔وزیراعظم نے کہا کہ اب دہشت گردوں کے ذریعے پراکسی وار نہیں چلے گا۔ اگر ایسا ہوا تو ہم انہیں گھر میں گھس کر ماریں گے۔ جو بھی دہشت گردوں کی مدد کرے گا اسے بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ اب ہر ہندوستانی کہہ رہا ہے اور ان کے جذبات کے مطابق اب اگر وہ ”گولی“ چلائیں گے، تو اس کا جواب”گولے“ سے دیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پہلگام میں دہشت گردوں نے نہ صرف ہندوستانیوں کا خون بہایا ہے بلکہ انہوں نے ہماری ثقافت پر بھی حملہ کیا ہے۔مودی نے کہاکہ ہمارے معاشرے کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔












