گاندربل/ رحیم رضوان/
سب ڈویژن کنگن کے وانی آرم وانگت علاقے میں اس وقت خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوا جب علاقے میں آوارہ کتوں نے لوگوں جن میں خواتین، بچے اور بزرگ بھی شامل ہیں پر حملہ کرکے لہولہان کردیا ۔
مقامی لوگوں نے نمائندے کو بتایا کہ وانی آرم علاقے میں اچانک یہ آوارہ کتے نمودار ہوئے اور جگہ جگہ لوگوں پر حملہ آور ہوئے اگرچہ مقامی لوگوں نے چند ایک زخمیوں کو فوری طور ہسپتال پہنچایا تاہم اس دوران ان آوارہ کتوں نے مزید کئی افراد پر حملہ کرکے انہیں زخمی کردیا جس سے پورے علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوا اور لوگ گھروں میں ہی محصور ہوکر رہ گئے جن افراد پر یہ آوارہ کتے حملہ آور ہوئے اور انہیں زخمی کردیا ان کی شناخت مہرین دختر شبیر خان، بی بی جان زوجہ رازق بٹ،غلام حسن پختون،سکینہ زوجہ محمد اقبال،شاہجان زوجہ منظور احمد، مسرت ناز دختر محمد سیف الدین خان،اشتاق احمد ولد شعیب احمد اور مبشر احمد ولد مظفر احمد کے بطور ہوئی ہے زخمیوں کو علاج کےلئے ہسپتال پہنچایا گیا ہے جہاں ان کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے۔
مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وانی آرم وانگت میں لوگوں کو آوارہ کتوں سے نجات دلانے اور مال وجان کی حفاظت یقینی بنانے کےلئے فوری اقدامات کی جانی چاہیے۔