سیکورٹی صورتحال اور انسدادملی ٹنسی اقدامات کااحاطہ ہوگا
19 اپریل کو کٹرا تا کشمیر ٹرین سروس کے افتتاح کےلئے وزیراعظم کی آمد
سری نگر/ ایک میڈیا رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ 7 اور8 اپریل کو جموں و کشمیر کا 2روزہ دورہ کریں گے، اوریہاں قیام ک دوران وہ خطے میں تازہ سیکورٹی صورتحال اور انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات کا جائزہ لیں گے۔ جے کے این ایس کے مطابق مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کے دورے کو اس پس منظر میں بھی اہم سمجھا جا رہا ہے کہ حالیہ دنوں میں پاکستان سے دراندازی کی متعدد کوششیں رپورٹ ہوئی ہیں، جبکہ وزیر اعظم نریندر مودی 19 اپریل کو کٹرا سے کشمیر تک پہلی ٹرین کے افتتاح کےلئے پہنچنے والے ہیں۔ اس صورتحال میں، کلیدی بنیادی ڈھانچے کی حفاظت سیکورٹی اداروں کی اولین ترجیح بن گئی ہے۔میڈیا رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ وزیر داخلہ امت شاہ اپنے دورے کے دوران لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، نیم فوجی دستوں، خفیہ ایجنسیز، جموں و کشمیر پولیس اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ حکام کے ساتھ سیکورٹی اجلاس منعقد کریں گے۔ اس میٹنگ میں انسدادِ دہشت گردی حکمت عملی، سرحدی سیکورٹی اور بنیادی ڈھانچے کی حفاظت پر تبادلہ خیال ہوگا۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک سینئر رہنما نے، نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر، ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے شیڈول کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور جلد ہی باضابطہ اعلان متوقع ہے۔ انہوں نے کہاکہ امیت شاہ 7 اپریل کو جموں پہنچیں گے اور اگلے دن یعنی8اپریل کو دہلی واپس روانہ ہوں گے۔ ان کا بنیادی فوکس جموں ڈویڑن پر ہوگا، تاہم وہ کشمیر کا اچانک دورہ بھی کر سکتے ہیں۔یہ امیت شاہ کا جموں و کشمیر میں زمینی سطح پر سیکورٹی جائزے کا پہلا موقع ہوگا، اس سے قبل وہ گزشتہ دسمبر سے اب تک پانچ اعلیٰ سطحی اجلاسوں کی صدارت کر چکے ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے بین الاقوامی سرحد کے دورے کا بھی امکان ہے، جہاں وہ پاکستانی دراندازی کی حالیہ اطلاعات کے بعد حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ دراندازی کو روکنے اور کسی بھی سرحد عبور کرنے والے ملی ٹنٹوں کے خلاف کارروائی کے لیے موجودہ حکمت عملی کا تجزیہ کریں گے۔ وزیر داخلہ کے دورے کے دوران، ان کے جموں و کشمیر پولیس کے ان اہلکاروں کے اہل خانہ سے ملاقات کا بھی امکان ہے جو کٹھوعہ جھڑپ میں ہلاک ہوئے تھے۔سیکیورٹی جائزہ اجلاس میں مرکزی داخلہ سیکریٹری گووند موہن، سینئر فوجی افسران، بارڈر سیکیورٹی فورس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔دریں اثنا، جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے امیت شاہ کے دورے کو کٹھوعہ جھڑپ سے جوڑنے کی قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے دورے کو کٹھوعہ جھڑپ سے نہ جوڑا جائے۔ ان کا یہ دورہ پہلے سے طے شدہ تھا اور محض اتفاق ہے کہ وہ اس وقت جموں و کشمیر آ رہے ہیں۔
ضلع پونچھ میں LOC پر پاکستانی فوج نے کی جنگ بندی کی خلاف ورزی













