سرینگر/28فروری //وادی کشمیر میں تمام سرکاری سکولوں اور پرائیویٹ سکولوں کی سرمائی تعطلات میں توسیع کردی گئی ہے اور اب سکول 7مارچ کو کھول دیئے جائیں گے ۔ وادی کشمیر میں یکم مارچ کو سکول کھولے جانے تھے تاہم موسمی صورتحال کے پیش نظر حکام نے یہ فیصلہ لیا جس پر والدین نے راحت کی سانس لی۔ وائس آف انڈیا کے مطابق وادی کشمیرکے تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوں کی موسم سرما کی تعطیلات میں توسیع کردی گئی ہے، اور تمام ادارے اب 7 مارچ کو دوبارہ کھلیں گے۔ وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے محکمہ سکول ایجوکیشن کو اس سلسلے میں باضابطہ آرڈ جاری کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ ادھر وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے ان سے فون پر بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی۔انہوںنے کہا کہ یہ فیصلہ شدید برف باری اور ناموافق موسم کے بعد کیا گیا ہے، جس سے طلباءکی حفاظت اور بہبود کے لیے خدشات پیدا ہو رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ موجودہ موسمی حالات کو دیکھتے ہوئے، ہم نے موسم سرما کی تعطیلات بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر ایتو نے کہاکہ ہمارے طلباءکی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، اور یہ فیصلہ اسی کو ذہن میں رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ دسمبر میں ہونے والی سرمائی تعطیلات یکم مارچ کو ختم ہورہی ہے اور یکم مارچ سنیچر وار سے تمام سکولوں میں درس و تدریس دوبارہ شروع کرنے کا اعلان بھی کیا گیا تھا تاہم وادی میں موسمی صورتحال بدل گئی اور سرینگر سمیت وادی کے دیگر میدانی اور بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارش اور بارشیں ہوئیں جس کے نتیجے میں نہ صرف درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی بلکہ کئی دیہی علاقوں میں آمدورفت بھی متاثر ہوئی ۔ اس بیچ والدین نے تعطیلات میں توسیع پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکار نے بروقت فیصلہ لیکر انہیں راحت پہنچائی ہے ۔