نئی دہلی(یو این آئی) قومی راجدھانی خطہ (این سی آر) میں عوام کو ہفتے کے روز بھی آلودگی سے راحت نہیں ملی۔ دارالحکومت میں عوام کو ابھی بھی سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے کیونکہ چاروں طرف کہرے کی ایک موٹی چادر برقرار ہے اور ہوا کے معیار کی سطح ‘سنگین ’ زمرے میں جوں کے توں ہے ۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق، قومی راجدھانی میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی ) ہفتے کو کئی مقامات پر 500 کو پار کر گیا۔ دہلی-این سی آر کے تقریباً تمام اسٹیشن ‘سنگین’ ہوا کے معیار کے انڈیکس میں داخل ہو چکے ہیں۔ کچھ علاقوں میں یہ کوالٹی انڈیکس 500 سے تجاوز کر گیا ہے اور انتہائی سنگین زمرے میں پہنچ گیا ہے ۔ دہلی کے لودھی روڈ علاقے میں ایئر کوالٹی انڈیکس 476، آئی آئی ٹی میں 479 اور دہلی یونیورسٹی کے نارتھ کیمپس علاقے میں 578 ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ کے مطابق، اگر ہوا کے معیار کا انڈیکس صفر اور 50 کے درمیان ہے ، تو اسے اچھے زمرے میں، 51 سے 100 کے درمیان ‘اطمینان بخش’، 101 سے 200 کے درمیان ‘معتدل’، 201 سے 300‘خراب’ زمرے میں شمار کیا جاتا ہے ۔ 301 اور 400 کے درمیان کو ‘انتہائی خراب’اور 401 سے 500 کو ‘سنگین’ زمرے میں سمجھا جاتا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا،‘دہلی-این سی آر میں ہوا کا معیار 13 نومبر اور 14 نومبر کو ‘سنگین’ زمرے سے اوپر پہنچنے کا امکان ہے ۔ اس دوران، دن کے وقت سست ہوائیں اور شام/رات کی ہوا¶ں کے بند ہونے سے آلودگی کے پھیلا¶ پر بہت برا اثر پڑے گا۔ ناموافق موسمی حالات آئندہ پانچ روز تک برقرار رہنے کا امکان ہے ۔