36گھنٹوں کے دوران درمیانی تابھاری برف باری کی پیشگوئی
5جنوری کو زمینی اور فضائی نقل و حمل میں عارضی خلل کاامکان، ہفتہ کو پورے دن برفانی ہواﺅں کا زور
سری نگر/ ہفتہ کو شام دیر گئے سے پیرکی صبح تک درمیانی تا بھاری برف باری کی پیش گوئی کے بیچ سنیچرکو پورے دن کشمیرمیں گہرے بادل چھائے رہے اوریخ بستہ برفانی ہواﺅں کا زور شدت سے جاری رہا ۔دگرگوں موسمی صورتحال کے باعث معمولات زندگی پر اثرات دکھائی دئیے اور بعدددوپہر لوگوں کو گھروںکی جانب لوٹتے دیکھاگیا جبکہ سہ پہر سے ہی شہر کے سیول لائنز علاقہ ،ڈاﺅن ٹاﺅن اور وادی کے قصبہ جات میں بازار خالی ہونے لگے ،کیونکہ دکانداروں اور تاجروںنے دکانات اورشوروم بندکردئیے ۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگرمیں قائم ہندوستانی محکمہ موسمیات کے علاقائی مرکزکے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد کی جانب سے ہفتہ کی صبح سوشل میڈیا پر جاری موسم کی تازہ کاری کے حوالے سے ایک بیان میں اسبات کو دوہرایاگیاکہ کشمیر وادی ،خطہ پیرپنچال اور واد ی چناب میں ہفتہ کو شام دیر گئے یا رات سے برف باری کا تازہ سلسلہ شروع ہوگا،جو اتوار کی رات یا پیرکی صبح تک جاری رہنے کاامکان ہے ۔علاقائی موسمیاتی مرکز سری نگرکے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار نے کہاکہ 4سے6جنوری تک جموں وکشمیرمیں موسمی صورتحال ابتررہے گی ۔انہوںنے کہاکہ اس دوران آسمان پر بادل چھائے رہنے کے بیچ جموں کے میدانی علاقوںمیں ہلکی سے درمیانی بارش اورجموں و کشمیر کے بیشتر مقامات پر 4جنوری کی رات سے 5جنوری کی (رات دیر گئے تک)یا6جنوری کی صبح تک موسم کی خاص سرگرمی جاری رہے گی۔ موسمیاتی مرکز کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ اس دوران کشمیر کے ساتھ ساتھ وادی چناب کے درمیانی اور بالائی علاقوں میں بھاری برف باری کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ6 جنوری کی سہ پہر سے موسمی سرگرمیوں میں بہتری متوقع ہے۔علاقائی موسمیاتی مرکز سری نگرکے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار نے کہاکہ میدانی اور بالائی علاقوںمیں درمیانی سے بھاری برف باری ہونے کے باعث 5جنوری کو زمینی اور فضائی نقل و حمل میں عارضی خلل پڑنے کاامکان ہے ۔انہوںنے مزید کہاکہ 7سے10جنوری تک موسم عام پر پر خشک رہے گا تاہم مطلع ابرآلودرہ سکتاہے تاہم 11اور12جنوری کو مطلع ابرآلودرہنے کے بیچ الگ تھلگ جگہوں پر بکھرے ہوئے مقامات پرہلکی برف باری ہوسکتی ہے۔ ڈاکٹر مختار نے کہاکہ 13سے15تک موسم عام پر پر خشک رہے گا تاہم مطلع ابرآلودرہ سکتاہے۔موسمیاتی مرکز سری نگر نے اپنی جاری کردہ ایڈوائزری میں پھرکہاکہ سیاحوں،مسافروں،اورٹرانسپورٹروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ موسمی صورتحال بالخصوص برف باری کو ملحوظ نظررکھ کر ہی سفر یا نقل وحمل کی منصوبہ بندی کریں اور انتظامیہ نیز محکمہ ٹریفک کی جاری کردہ ایڈوائزری پر عمل کریں۔قابل ذکر ہے کہ21دسمبر2024کو شروع ہوئے 40روزہ چلہ کلان کے ابتدائی 15دن اہلیان کشمیر پر سخت گزرے ہیں ،کیونکہ گزشتہ2ہفتوں کے دوران کم سے کم 2مرتبہ میدانی اور بالائی علاقوںمیں ہلکی سے درمیانی برف باری ہونے کیساتھ ساتھ شدیدسردی کی لہر جاری رہی اور رات کے وقت درجہ حرارت میں ریکارڈ گراﺅٹ آنے کی وجہ سے سری نگرمیںجھیل ڈل سمیت وادی کے کئی علاقوںمیں واقع آبی ذخائرکے بڑے حصے منجمد ہوئے اور پانی کی سپلائی لائنوںمیں کہرہ جم جانے سے وادی بھرمیں پینے کے پانی کی فراہمی میں خلل پڑا ،اور ابھی بھی یہ صورتحال برقرا رہے ۔













