نئی دلی۔ /۔رواں ہفتے کے اوائل میں شروع ہوئی فٹ انڈیا سائیکلنگ مہم کو جاری رکھتے ہوئے، مرکزی وزیر برائے امور نوجوانان اور کھیل ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے آج صبح میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم میں ’فٹ انڈیا سنڈیز آن سائیکل‘ کی پہل کا آغاز کیا ۔محترم وزیر کے علاوہ، اس ایونٹ میں 500 سے زائد سائیکل سواروں نے شرکت کی، جن میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف( اور انڈو تبّت بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) کے اراکین، اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے کیمپرس، اندرا گاندھی اسٹیڈیم کے نوجوان جمناسٹس، سینئر افسران، اور قومی دارالحکومت کے مختلف سائیکلنگ کلب شامل تھے۔اتوار کی فلیگ آف تقریب میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے سابق اسٹار شینکی سنگھ بھی موجود تھے ، جو سابق ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن جندر محل کے ساتھ ٹیگ ٹیم اسٹیبِل کا حصہ ہونے کے لیے معروف ہیں۔ ادھر پدم شری اور ارجن ایوارڈ یافتہ ٹیبل ٹینس کھلاڑی مومہ داس نے اس دوران بھارتیہ اسپورٹس اتھارٹی کے نیشنل سینٹر آف ایکسیلنس (این سی او ای) کولکتہ میں ’سنڈیز آن سائیکل‘ ایونٹ کا آغاز کیا۔سائیکلنگ مہم کے وسیع اثرات کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے کہا، کہ فٹ انڈیا سنڈیز آن سائیکل کی پہل بھارت کے 1100 سے زائد مقامات پر ایک ساتھ منعقد کی جا رہی ہے۔ اس ہفتے کے شروع میں سائیکلنگ مہم کے آغاز نے سائیکلنگ کے بارے میں آگاہی کو بے پناہ بڑھا دیا ہے۔وزیر موصوف نے مزید کہا: ’’سائیکلنگ آج کی ضرورت ہے۔ وِکست بھارت کے ویژن کے لیے ایک صحت مند فرد کی ضرورت ہے، جو کہ ایک صحت مند معاشرہ بناتا ہے اور آخرکار ایک صحت مند قوم کی تشکیل کرتا ہے۔ سائیکلنگ کے فوائد فٹ انڈیا تحریک کے پیغام کو بھی اُجاگر کرتے ہیں، جس کا آغاز محترم وزیر اعظم نریندر مودی نے 2019 میں کیا تھا ‘‘ ۔