درخواست گزار کیلئے ہر پیر اور جمعرات کو متعلقہ تفتیشی افسر کے سامنے حاضر ہونا ضروری نہیں : سپریم کورٹ
نئی دہلی/ سپریم کورٹ نے مبینہ ایکسائز پالیسی گھوٹالہ معاملے میں دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کو راحت دیتے ہوئے بدھ کے روز ضمانت کی شرائط میں ڈھیل دے دی ہے۔ جسٹس بی آر گوائی اور کے وی وشواناتھن کی بنچ نے سسودیا کی ضمانت کے معاملے میں اپنے سابقہ حکم میں ترمیم کرتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار کے لیے ہر پیر اور جمعرات کو متعلقہ تفتیشی افسر کے سامنے حاضر ہونا ضروری نہیں ہے ، تاہم سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ انہیں نچلی عدالت میں باقاعدگی سے پیش ہونا چاہیے ۔ مسٹر سسودیا نے ہر پیر اور جمعرات کو متعلقہ تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہونے کی ضمانت کی شرائط میں نرمی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے 9 اگست کو مسٹر سسودیا کو سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) دونوں معاملوں میں ضمانت دے کر بڑی راحت دی تھی۔ عدالت نے یہ دیکھتے ہوئے ضمانت دی تھی کہ مقدمے کی سماعت میں تاخیر اور مسٹر سسودیا کا طویل عرصہ تک جیل میں رہنے سے آئین کے آرٹیکل 21 کے تحت ان کے آزادی کے حق پر اثر پڑ رہا ہے ۔ ضمانت کی شرائط میں سپریم کورٹ نے مسٹر سسودیا کو ہر پیر اور جمعرات کو صبح 10 سے 11 بجے کے درمیان تفتیشی افسر کے سامنے حاضر ہونے کو کہا تھا۔ اس کے بعد، ضمانت دیتے ہوئے ، سپریم کورٹ نے دہلی ہائی کورٹ کے 21 مئی 2024 کے حکم کو مسترد کر دیا تھا، جس میں انہیں ضمانت دینے سے انکار کر دیا گیا تھا۔ عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر سسودیا کو 26 فروری 2023 کو اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ نائب وزیر اعلیٰ تھے۔