پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اپوزیشن کے ہنگامے کی وجہ سے کارروائی آج بھی منعقد نہیں ہو پائی اور دونوں ایوانوں کی کارروائی کل تک ملتوی کی گئی ۔ آج صبح لوگ سبھا میں اُتر پردیش کے سنبھل میں تشدد کے معاملے پر ہنگامہ کی وجہ سے کارروائی 2بار ملتوی کرنی پڑی جس کے بعد سپیکر نے ایوان کی کارروائی کل تک ملتوی کی ۔ سماج وادی پارٹی کے اراکین اور دیگر اپوزیشن اراکین نے سنبھل میں تشدد کے خلاف نعرے بازی اور احتجاج شروع کردیا۔ ایس پی کے اراکین شور مچاتے ہوئے ایوان کے بیچ میں آگئے اور سنبھل کے قاتلوں کو پھانسی پر لٹکا دو جیسے نعرے لگانے لگے۔ اس دوران کانگریس، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شردپوار) اور ترنمول کانگریس کے اراکین بھی اپنی اپنی نشستوں پر کھڑے ہوکر ایس پی اراکین کے نعروں کی حمایت کررہے تھے۔اپوزیشن اراکین کے ہنگامہ آرائی کی وجہ سے آج لوک سبھا میں وقفہ سوالات نہیں ہوسکا /اسپیکر نے اپوزیشن اراکین سے اپیل کی کہ وہ وقفہ سوالات جاری رہنے دیں۔ اس کے بعد ان کے معاملے پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ اپوزیشن منصوبے کے تحت ایوان کو چلنے نہیں دینا چاہتی ہے۔ادھر راجیہ سبھا میں اپوزیشن اراکین نے دہلی میں امن و امان کی صورتحال، اتر پردیش کے سنبھل اور منی پور میں تشدد اور اڈانی کی مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے آج زبردست شوروغل کیا، جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کر دی گئی ۔














