عام لوگوں کو رعایتی داموں پر بہتر طبی خدمات کی فراہمی
سرینگر/سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کےلئے ”پٹ سکین“خدمات کی فراہمی کےلئے جموں کشمیر حکومت نے نرخنامے طے کئے ہیں تاکہ مریضوں کو رعایتی شرحوں پر ”پٹ سکین“کی خدمات مئیسر رہیں۔ ایک بیان میں کہا گیا کہ جموں و کشمیر میں جدید طبی نگہداشت کی خدمات تک رسائی کو بہتر بنانے کی سمت ایک اہم قدم کے طور پر حکومت نے محکمہ صحت اور طبی تعلیم کے تمام سرکاری ہسپتالوں اور صحت اداروں ،میں”پٹ سکین “اور سی بی سی ٹی مشین چارجز کے سرکاری نرخوں کا اعلان کیا ہے تاہم اس کا اطلاق سکمز پر نہیں ہوگا۔ محکمہ صحت اور طبی تعلیم کی طرف سے جاری کردہ حکومتی حکم کے مطابق”پٹ سکین “پورے جسم کے لیے فی سکین/ٹیسٹ کی شرحیں 10ہزار روپے ہوں گی۔ اسکین کارڈیک میٹابولزم کے لیے 4ہزار روپے ہے۔ پی ای ٹی گائیڈڈ بایپسی کے لیے 1200روپے ہے۔ باہر سے پی ای ٹی اسکین کا جائزہ لینے کے لیے 600روپے اور سی بی سی ٹی مشین چارجز 1200روپے مقرر کئے گئے ہیں۔یہ اہم قدم حکومت کی جانب سے مریضوں کو زیادہ سستی تشخیصی خدمات فراہم کرنے کے مقصد سے اٹھایا گیا ہے، خاص طور پر ان لوگوں کو جو معاشی طور پر پسماندہ ہیں۔













