امرتسر، پنجاب میں امرتسر کمشنریٹ پولیس نے تین منشیات اسمگلروں کو گرفتار کرکے سرحد پار سے منشیات اسمگل کرنے والے گروہ کا پردہ فاش کیا ہے ۔پولیس کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) گورو یادو نے بدھ کو کہا کہ اسمگلروں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ایک کلو آئس (میتھمفیٹامائن) اور ایک کلو گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ گرفتار لوگوں کی شناخت کرندیپ سنگھ (22) ساکن بھکنا کالا گا¶ں، امرتسر، جیون سنگھ (19) ساکن ترن تارن کے چوہلہ صاحب اور منجندر سنگھ (21) کے طور پر کی گئی ہے ۔پولیس ٹیموں نے ان کی کار ٹویوٹا ایٹیوس کو بھی قبضے میں لے لیا ہے جس میں وہ سفر کر رہے تھے ۔ مسٹر یادو نے کہا کہ ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ گرفتار ملزم کرندیپ چھ سال بعد پنجاب واپس آنے سے پہلے دبئی اور ماسکو، روس میں رہ رہا تھا۔ پنجاب واپس آنے کے بعد ملزم کرندیپ نے مختلف سوشل میڈیا ایپس کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں مقیم منشیات کے اسمگلروں سے رابطہ قائم کیا اور امرتسر اور پڑوسی اضلاع کو آگے کی سپلائی کے لیے سرحد پار سے منشیات کی اسمگلنگ شروع کی۔













