نئی دہلی/ام آدمی پارٹی (آپ) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے آج کہا کہ دہلی والوں کے کام کو روکنے کےلئے انہیں جیل بھیجاگیا تھا۔مسٹر کیجریوال نے آج یہاں ایک عوامی رابطہ مہم شروع کی ہے جس کے تحت پارٹی کارکنان 29 اکتوبر تک گھر گھر جا کر سابق وزیر اعلیٰ کو جیل بھیجنے کی اصل حقیقت بتائیں گے ۔ انہوں نے دہلی کے عوام کے نام اپنے خط میں کہا ”ان لوگوں نے مجھے پانچ ماہ تک جیل میں رکھا۔ انہوں نے مجھے کیوں گرفتار کیا؟ اصل وجہ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے ۔ سب جانتے ہیں کہ میں نے کوئی کرپشن نہیں کیا ۔ کیجریوال کرپشن نہیں کر سکتے ۔ پھر انہوں نے مجھے کیوں گرفتار کیا؟ انہوں نے مجھے گرفتار کیا تاکہ میں دہلی میں آپ کے لیے جو کام کر رہا ہوں اسے روکا جاسکے اور جو سہولیات میں آپ کو فراہم کر رہا ہوں انہیں روکنے کے لیے ۔ آپ کے لیڈر نے کہا کہ ان کی 22 ریاستوں میں حکومتیں ہیں۔ یہ لوگ وہاں دہلی حکومت کی طرح کام کرنے کے قابل نہیں ہیں۔ وہاں کے عوام اب ان سے پوچھنے لگے ہیں کہ جو کام دہلی میں ہوا ہے وہ ان ریاستوں میں کیوں نہیں ہو رہا ہے ۔ ان کے پاس اس بات کا کوئی جواب نہیں ہے ۔ پنجاب میں ہماری جیت کے بعد انہیں لگنے لگا کہ اگر دہلی میں کام جلد بند نہ کیا گیا تو پورے ملک میں ان کی دکانیں بند ہو جائیں گی اور عام آدمی پارٹی پورے ملک میں آ جائے گی۔ پچھلے 10برسوں میں انہوں نے کئی بار لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کے ذریعے دہلی کے کام کو روکنے کی کوشش کی، لیکن میں نے آپ کا کوئی کام نہیں رکنے دیا۔














