نئی دہلی، 13 جولائی (یو این آئی) کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے 1975 میں ایمرجنسی کے نفاذ کی تاریخ 25 جون کو ‘آئین ہند کا یوم قتل’ کے طور پر منانے کے حکومت کے فیصلے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ بار بار آئین پر حملہ کرتے رہے ہیں، وہ منفی سوچ کے ساتھ ‘آئین کا یوم قتل’ منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے کبھی آئین کو تسلیم نہیں کیا، آئین کے نفاذ کی مخالفت کی، کبھی اس کا احترام نہیں کیا اور دستور ہند کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے رہے ، لیکن اب وہی لوگ ‘آئین ہند کا یوم قتل’ منانے جا رہے ہیں۔محترمہ پرینکا گاندھی نے کہا، ‘ہندوستان کے عظیم لوگوں نے تاریخی جنگ لڑ کر اپنی آزادی اور اپنے آئین کو حاصل کیا ہے ۔ جن لوگوں نے آئین کو بنایا، آئین پر یقین رکھنے والے ہی آئین کی حفاظت کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے آئین کے نفاذ کی مخالفت کی، آئین پر نظرثانی کے لیے کمیشن بنایا، آئین کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا، اپنے فیصلوں اور اقدامات سے آئین اور جمہوریت کی روح پر بار بار حملہ کیا، وہ تو ‘منفی سیاست’ پر مبنی فیصلے کے تحت آئین کا یوم قتل منائیں گے ہی۔ یہ حیران کن بات نہیں ہے ۔












