سرحدی دیہاتوں سے نقل مکانی کو روکنے پر زور دیا
نئی دہلی/مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ہفتہ کو یہاں قومی دارالحکومت میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ‘ وائبرنٹ ولیج پروگرام’ کے نفاذ کا جائزہ لیا اور مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے رہائشیوں کے ساتھ ساتھ سرحدی دیہاتوں سے نقل مکانی کو روکنے کے لیے رابطے بڑھانے کی بھی ضرورت پر زور دیا۔ امیت شاہ نے مزید اس بات پر زور دیا کہ سرحدی دیہات کے آس پاس تعینات سینٹرل آرمڈ پولیس فورس (سی اے پی ایف( اور فوج کو کوآپریٹیو کے ذریعے مقامی زرعی اور دستکاری کی مصنوعات کی خریداری کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ وزیر داخلہ شاہ نے اس بات پر بھی توجہ مرکوز کی کہ قریبی دیہات کے رہائشیوں کو فوج اور سی اے پی ایف کے لئے دستیاب صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کا فائدہ ملنا چاہئے۔ وزیر داخلہ نے متحرک دیہاتوں میں شمسی توانائی اور پون چکیوں جیسے قابل تجدید توانائی کے ذرائع کے زیادہ سے زیادہ استعمال پر بھی زور دیا۔ وزیر داخلہ نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ہند ملک کے سرحدی دیہاتوں کی ہمہ جہت ترقی کے لیے پرعزم ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ نے ہدایت دی کہ "وائبرنٹ ولیج پروگرام کے تحت سرحدی دیہاتوں کے مسائل کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے سینئر وزراء اور حکام کی طرف سے کی جانے والی کوششیں جاری رکھیں۔ اب تک ان سرحدی دیہاتوں میں 6,000 سے زیادہ تقاریب منعقد کی جا چکی ہیں جن میں تقریباً 4,000 سروس ڈیلیوری اور بیداری کیمپ شامل ہیں۔ ان گاؤں میں روزگار پیدا کرنے کے لیے مرکزی حکومت نے 600 سے زیادہ پروجیکٹوں کو منظوری دی ہے۔














