ضلع ترقیاتی کمشنر اودھمپور سلونی رائے نے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر انل منہاس اور ڈِسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر کنیکا گپتا کے ساتھ آج گورنمنٹ میڈیکل کالج اودھمپور کا دورہ کیا تاکہ ضلع میں ڈرگ ڈی ۔ ایڈکشن رِی ہیبلٹیشن سینٹر قیام کے لئے جگہ کی نشاندہی کی جاسکے۔ ڈِسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر نے دورے کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر کو رِی ہیبلٹیشن سینٹر کے منصوبہ بند آپریشن کا تفصیلی جائزہ فراہم کیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ منشیات کے عادی اَفراد کی بروقت اِمداد کو یقینی بنانے کے لئے قیام کے عمل کو تیز کیا جائے۔اُنہوں نے یقین دِلایا کہ ضلعی اِنتظامیہ متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی اور مختلف سرکاری سکیموں اور پروگراموں کے فوائد کو بڑھا کر اُنہیں معاشرے میں دوبارہ شامل کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔ اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے سے منشیات کی بدعت کا خاتمہ حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔بعد میں ضلع ترقیاتی کمشنر نے اے ایل سی آفس، وَن سٹاپ سینٹر فار وومن، ڈِسٹرکٹ ہب برائے خواتین کو بااِختیار بنانے اور ڈِسٹرکٹ پروگرام آفس مشن پوشن اودھمپور کا اچانک معائینہ کیا۔