ڈھاکہ/ ہندوستانی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی نے ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل وقار الزمان سے ملاقات کی۔ ہندوستانی بحریہ کے سربراہ اس وقت یکم سے 4 جولائی تک ڈھاکہ کے چار روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔ اس دورے کا مقصد ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو طرفہ دفاعی تعلقات کو مستحکم کرنا اور بحری تعاون کے لیے نئی راہیں تلاش کرنا ہے۔ ہندوستانی بحریہ نے آج پہلے ایک پوسٹ میں لکھا، "بنگلہ دیش کے اپنے جاری دورے کے دوران، ایڈ میرل دنیش کے ترپاٹھی، سی این ایس نے بنگلہ دیش آرمی ہیڈکوارٹر، ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کی فوج کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل وقار الزمان کے ساتھ بات چیت کی۔دونوں سربراہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات پر تبادلہ خیال کیا؛ اور دفاعی تعاون کو بڑھانے اور بنگلہ دیش اور ہندوستان کی مسلح افواج کے درمیان ٹریننگ اور مشترکہ مشقوں کے شعبوں میں مزید مواقع تلاش کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس سے پہلے بدھ کو ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی نے پڑوسی ملک کے اپنے جاری دورے کے ایک حصے کے طور پر بنگلہ دیشی فضائیہ کے چیف آف ایئر اسٹاف ایئر مارشل حسن محمود سے ملاقات کی۔ ان کی بات چیت کے دوران، دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات کو اجاگر کیا گیا، اور تربیت، مشترکہ مشقوں اور باہمی تعاون کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بحریہ کے سربراہ نے بنگلہ دیش کے وزیراعظم کے سلامتی کے مشیر میجر جنرل طارق احمد صدیق (ر) سے بھی ملاقات کی۔













