سرینگر 7 مارچ // جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے مرہامہ علاقے میں آتشزدگی کی ایک بھیانک واردات کے دوران تین رہائشی مکان خاکستر ہوئے ہیں۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ جمعرات بعد دوپہر کولگام کے مرہامہ گاوں میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب ایک رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل مزید دو کو لپیٹ میں لے لیا۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد فائر ٹینڈر ز مقامی لوگوں کی مدد سے آگ قابو کرنے کی خاطر جائے موقع پر پہنچے ۔ انہوں نے بتایا کہ گر چہ فائر اینڈ ایمرجنسی نے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں تین رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔














