کانپور/ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اتوار کو کانپور میں ایئر فورس اسٹیشن میں آٹھویں مسلح افواج کے سابق فوجیوں کے دن کی تقریبات کی قیادت کی۔ تقریب میں تقریباً 1000 سابق فوجیوں نے شرکت کی۔ وزیر دفاع نے ان کے ساتھ بات چیت کی اور مادر وطن کے لیے ان کی بے لوث خدمات کے لیےبہادرسپاہیوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ سابق فوجی ہر ہندوستانی کے دل میں ایک خاص مقام رکھتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ہمارے فوجی خاندان، ذات پات اور نسل سے اوپر اٹھ کر صرف قوم کے بارے میں سوچتے ہیں۔ وہ اپنے فرائض کو مؤثر طریقے سے نبھاتے ہیں کیونکہ وہ اس حقیقت کو جانتے ہیں کہ اگر قوم محفوظ ہے تو سب کچھ محفوظ ہے۔ اس سے انہیں ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی اخلاقی طاقت ملتی ہے۔ راج ناتھ سنگھ نے سابق فوجیوں کی فلاح و بہبود کے تئیں وزارت دفاع کی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ون رینک ون پنشن اسکیم کو نافذ کرنے سے لے کر صحت کی دیکھ بھال اور دوبارہ روزگار فراہم کرنے تک، وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے سابق فوجیوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہاں حکومت ملک کی ترقی کے لیے مزید کوششیں کر رہی ہے، وہیں یہ عوام کی بھی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ فوجیوں اور ان کے زیر کفالت افراد کو اپنے خاندان کی طرح سمجھیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ریٹائرڈ ہونے والے اور حاضر سروس فوجیوں کو عزت دینے کے لیے اپنے عزم کو مزید مضبوط کریں۔ انہوں نے کہا کہ پہلی اور دوسری جنگ عظیم میں لڑنے والے ہمارے فوجیوں کی بہادری کو پوری دنیا میں احترام کے ساتھ یاد کیا جاتا ہے۔ ہم ہندوستانی بھی نہ صرف اپنے فوجیوں کا بلکہ دوسرے ممالک کے فوجیوں کا بھی احترام کرتے ہیں۔ 1971 کی اس جنگ میں 90,000 سے زیادہ فوجیوں نے اپنی جانیں دیں۔ پاکستان نے بھارت کے سامنے ہتھیار ڈال دیے، ہم ان کے ساتھ جو چاہیں سلوک کر سکتے تھے، لیکن یہ ہمارا کلچر اور روایت ہے کہ ہم نے مکمل طور پر انسانیت رویہ اپنایا اور انہیں پورے احترام کے ساتھ ان کے ملک واپس بھیجا۔ دشمن کے فوجیوں کے ساتھ ایسا سلوک ہماری انسانیت کے سنہری ابوابہیں۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے جنگی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ہیروز کو ان کی عظیم قربانی اور سرشار خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔