گریٹر نوئیڈا/صنعت و تجارت کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل نے انڈیا ایکسپوزیشن مارٹ، گریٹر نوئیڈا میں منعقد ہونے والی ہندوستان کے متحرک اور متنوع فوڈ ایکو سسٹم کی نمائش کے لیے ’انڈس فوڈ 2024‘ نمائش کا افتتاح کیا۔ نمائش کے افتتاح کے موقع پر ایک متاثر کن خطاب کرتے ہوئے، وزیر نے عالمی منڈیوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی صلاحیت پر زور دیتے ہوئے، ہندوستان کی متنوع فوڈ انڈسٹری کی تعریف کی۔ہندوستان کے فوڈ پروسیسنگ سیکٹر پر بات کرتے ہوئے، شری گوئل نے گزشتہ نو سالوں کے دوران پروسیسرڈ فوڈ کی برآمدات میں 150 فیصد اضافے کو اجاگر کیا۔ وزیر موصوف نے روشنی ڈالی کہ ہندوستان کی زرعی برآمدات تقریباً 53 بلین امریکی ڈالر کی مجموعی ہے۔ جناب پیوش گوئل نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی اور ذائقے کے امتزاج کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے کسانوں کو بہتر قیمت فراہم کرنے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ملک کی کمائی کو بڑھانے کے لیے بڑے پیمانے پر فوڈ پروسیسنگ، مصنوعات کی برانڈنگ اور برآمدات پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر نے عالمی سطح پر ہندوستانی کھانوں کی بڑھتی ہوئی مانگ کو تسلیم کیا۔ انہوں نے ملک کے متنوع زرعی آب و ہوا والے علاقوں، 158 خوراک اور زرعی جغرافیائی اشارے ، اور ون ڈسٹرکٹ ون پروڈکٹ کے تحت اضلاع میں 708 منفرد غذائی اشیاء کی نشاندہی کی۔ انہوں نے حکومت کے غذائی تحفظ کے اقدامات جیسے کہ ‘ پردھان منتری غریب کلیان انا یوجنا’، 81 کروڑ لوگوں کو مفت اناج فراہم کرنے اور ملک میں بھوک سے ہونے والی صفر اموات کو یقینی بنانے کی کامیابی کی تعریف کی۔ مزید برآں، انہوں نے ‘ بھارت آٹا’ اور ‘بھارت دال’ جیسے اسٹریٹجک مداخلتوں کے ذریعے غذائی افراط زر کو کم کرنے کی کوششوں کی تعریف کی۔وزیر نے سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشت کے طور پر ہندوستان کی اقتصادی طاقتوں پر روشنی ڈالی، اس کامیابی کا سہرا ٹھوس میکرو اکنامک بنیادوں اور نوجوانوں کے آبادیاتی منافع کو قرار دیا۔ انہوں نے ہندوستانی کھانوں کی لذتوں کو فروغ دینے کا سہرا سوشل میڈیا اور عالمی اثر و رسوخ کو دیا، جس کے نتیجے میں متنوع علاقائی کھانوں کی مقبولیت میں اضافہ ہوا۔ شری پیوش گوئل نے اس کے مخصوص ذائقوں، مسالوں اور خوشبوؤں کو دیکھتے ہوئے ہندوستانی کھانوں کی بھرپوریت کو اجاگر کیا۔