ڈوڈہ کے گنڈوہ علاقے میں بدھ کے روز اُس وقت کہرام مچ گیا جب ایک بھائی کو بچانے کے دوران دوسرا بھائی بھی نالہ میں ڈوب گیا جس کے نتیجے میں دونوں بھائیوں کی موت واقع ہوئی ۔ اس ضمن میں موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع ڈوڈہ کے گنڈوہ علاقے میں بدھ کے روز 60سالہ عبدالرشید اور 58برس کا عبدالطیف ولد یت غلام محمد ملک ساکن تھالورن نالہ میں ڈوب کر لقمہ اجل بن گئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ دونوں بھیڑ بکریوں کو نہلانے کی غرض سے نزدیکی دریاءپر لے گئے تاہم کافی وقت کے بعد جب دونوں واپس نہیں آئے تو اہلخانہ نے پولیس سٹیشن میں ان کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرلی جس دوران دونوں کی تلاش شروع کی گئی ۔ اس دوران نزدیکی نالہ کے نزدیک ایک بھائی کے کپڑے ملے جس کے بعد نالہ سے دونوں بھائیوں کی لاشیں برآمد ہوئیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ بھیڑ بکریوں کو نہلانے کے دوران ایک بھائی کا پیر پھسل گیا جس کو بچانے کی خاطر دوسرا بھائی بھی پانی میں کود گیا تاہم وہ اپنے بھائی کو بچانے کے دوران اپنی جان بھی گنوابیٹھا۔ اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے ایس ایچ او گنڈوہ وکرم سنگھ نے بتایا کہ دونوں بھائیوں کی لاشوں کو نزدیکی نالہ سے برآمد کرلیا گیا ہے اور اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کرلیا ہے ۔