لسجن بائی پاس شاہراہ پر ٹپر نے کار کو زور دار ٹکر ماری ایک ہلاک دو زخمی
نوگام ریلوے اسٹیشن پر ٹرین نے 27سالہ نوجوان کو کچل ڈالا جس وجہ سے اُس کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی جبکہ لسجن بائی پاس شاہراہ پر ٹپر اور نجی کار کے درمیان ہوئی ٹکر سے ایک شخص ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق نوگام ریل اسٹیشن پر اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب ایک ٹرین نے 27سالہ فیروز احمد ملہ ولد فیاض احمد ساکن نیو کالونی سمر بوگ لسجن کو ٹکر مار کر موقع پر ہی لقمہ اجل بنا دیا۔ معلوم ہوا ہے کہ اگر چہ خون میں لت پت نوجوان کو لوگوں نے صدر اسپتال سرینگر پہنچایا تاہم وہاں پر ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔ پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔ ادھر لسجن بائی پاس ٹپر نے آئی 20کار کو زور دار ٹکر ماری جس کے نتیجے میں ایک شخص کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے۔ نمائندے نے پولیس ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مہلوک شخص کی شناخت گلزار احمد زرگر اور زخمیوں کی شناخت دلشادہ بیگم اور رمیز گلزار ساکنان بجبہاڑہ اننت ناگ کے بطور ہوئی ہے۔ پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ٹپر ڈرائیور اعجاز احمد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔